لاہور،راجن پور:(کرائم رپورٹر،بیورورپورٹ)کچے میں ٹارگٹڈ آپریشن،عمرانی گینگ کے 11 خطرناک ڈاکووں کا سرنڈر،پولیس نے متعدد ٹھکانے،بنکرز تباہ کردئیے۔
ترجمان پولیس کے مطابق کچہ عمرانی، سکھانی اور کچہ کراچی کے علاقوں میں موثر ٹارگٹڈ آپریشن کیا، جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے ڈرونز کے ذریعے ڈاکووں کے ٹھکانوں پر گولہ باری کی گئی۔
انتہائی مطلوب عمرانی گینگ کے 11 خطرناک ڈاکووں نے سرنڈر کرنے کےساتھ بھاری اسلحہ سمیت اپنے تمام ہتھیار پولیس کے حوالے کر دئیے،موثر آپریشن میں ڈاکووں کے ٹھکانوں اور بنکرز کو مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا۔
ڈی پی او راجن پور نے کہا ڈاکو اغوا، قتل، ڈکیتی و دیگر سنگین جرائم میں طویل عرصے سے مطلوب تھے،تمام ملزموں کو قانون کے مطابق کارروائی کے بعد قرار واقعی سزا دلائی جائے گی دیگر جرائم پیشہ عناصر کو فوری طور پر گرفتاری دینے یا سخت آپریشن کا سامنا کرنے کی وارننگ بھی جاری کر دی۔
آئی جی پنجاب عثمان انور نے خطرناک ڈاکووں کے سرنڈر کرنے پر راجن پور پولیس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کچہ کے علاقوں کو جرائم سے پاک کرنے کےلئے آپریشن پوری قوت کےساتھ جاری رکھا جائے گا۔
کچہ،عمرانی گینگ کے 11 ڈاکووں نے ہتھیار ڈال دئیے،ٹھکانے،بنکرز تباہ



















