لاہور میں 7 لاکھ سے زائد سمارٹ واٹر میٹرز نصب کرنے کا منصوبہ

لاہور(قمر عباس نقوی ) واسا لاہور انتظامیہ پانی کے ضیاع اور زیر زمین گرتی ہوئی سطح کے پیش نظر شہر بھر میں مرحلہ وار تقریباً سات لاکھ سے زائد سمارٹ واٹر میٹرز نصب کرنے کا منصوبہ تیار، ابتدائی طور پر جوہر ٹاﺅن میں 1100 جدید ٹیکنالوجی سے لیس میٹر میں سے 250سے زائد نصب، میٹر ریڈر کے بغیر ریموٹ ریڈنگ کا نظام متعارف ، 35ہزار فی میٹر تنصیب کی قیمت کا تخمینہ صارف ادائیگی اقساط میں کریگا ،شعبہ پی اینڈ ایس کا ابتدائی طور پر 10ہزار میٹر ز کی خریداری کے لئے ٹینڈر کی تیاری مکمل۔تفصیلات کے مطابق لاہور میں پانی کے بڑھتے ہوئے ضیاع اور زیر زمین پانی کی تیزی سے گرتی ہوئی سطح کے پیش نظر واٹر اینڈ سینی ٹیشن ایجنسی (واسا) لاہور نے واٹر میٹرنگ منصوبے پر عملدرآمد شروع کر دیا ہے۔ اس منصوبے کا مقصد شہر میں پانی کے استعمال کی درست پیمائش، شفاف بلنگ نظام اور پانی کے قیمتی وسائل کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔ واسا حکام کے مطابق ماضی میں لاہور کے بیشتر گھریلو اور کمرشل کنکشنز پر واٹر میٹرز نصب نہیں تھے، جس کے باعث صارفین سے فکسڈ چارجز وصول کیے جاتے رہے۔اس صورتحال نے نہ صرف پانی کے غیر ضروری استعمال کو بڑھایا بلکہ واسا کو مالی نقصان اور نان ریونیو واٹر جیسے مسائل کا بھی سامنا کرنا پڑا۔ نئی واٹر میٹرنگ پالیسی کے تحت صارفین کو پانی کے اصل استعمال کے مطابق بل ادا کرنا ہوگا۔ منصوبے کے دائرہ کار کے مطابق لاہور بھر میں مرحلہ وار تقریباً سات لاکھ سے زائد سمارٹ واٹر میٹرز نصب کئے جائیں گے جن میں اکثریت گھریلو جبکہ محدود تعداد کمرشل کنکشنز پر لگائی جائے گی۔ یہ منصوبہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈل کے تحت مکمل کیا جا رہا ہے، جس میں نجی کمپنی میٹرز کی تنصیب، آپریشن اور دیکھ بھال کی ذمہ دار ہو گی، جبکہ معاہدے کی مدت مکمل ہونے کے بعد میٹرز واسا کے حوالے کر دئیے جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق سمارٹ واٹر میٹرز جدید ٹیکنالوجی سے لیس ہوں گے جو ریموٹ ریڈنگ، پانی کے غیر معمولی استعمال اور لیکیجز کی نشاندہی کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ ان میٹرز کے ذریعے ڈیجیٹل ڈیٹا اکٹھا کیا جائیگا جس سے بلنگ کے نظام میں شفافیت آئیگی اور صارفین کو اپنے پانی کے استعمال کی مکمل معلومات دستیاب ہوں گی منصوبے کے ابتدائی مرحلے میں منتخب علاقوں میں پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر سمارٹ میٹرز نصب کئے جا رہے ہیں۔ پائلٹ مرحلے کی کامیابی کے بعد اس منصوبے کو پورے شہر میں وسعت دی جائے گی۔ صارفین کو میٹرز کی تنصیب کے حوالے سے سہولت دینے کیلئے قسطوں میں ادائیگی جیسے آپشنز پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔ واسا ترجمان کا کہنا ہے لاہور میں پانی کی بڑھتی ہوئی طلب اور محدود وسائل کے باعث واٹر میٹرنگ ایک ناگزیر ضرورت بن چکی ہے۔ اگر پانی کے استعمال کو موثر انداز میں کنٹرول نہ کیا گیا تو مستقبل میں شہر کو شدید آبی بحران کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، عوامی تعاون سے یہ منصوبہ کامیاب ہوگا اور لاہور میں پانی کے ضیاع میں نمایاں کمی لانے میں مدد ملے گی۔