ایمان مزاری ،ہادی چٹھہ سمندر پر ہوں یا آسمان پر،گرفتار کرکے پیش کیا جائے،عدالت

اسلام آباد:(بیورورپورٹ) ایمان مزاری ،شوہر کو پیش نہ کرنے پر عدالت کا سخت اظہار برہمی،ملزم سمندر پر ہوں یا آسمان پر، گرفتار کرکے پیش کرنے کاحکم دےدیا۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس میں متنازع ٹویٹس کیس کی سماعت ہوئی، اسلام آباد پولیس کے ڈی آئی جی جواد طارق عدالت کے سامنے پیش ہوئے،جج افضل مجوکہ نے ڈی آئی جی سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا وارنٹ جاری ہوا، عمل کیوں نہیں ہوا ؟ اسلام آباد میں وارنٹ پر عمل نہ ہونا کیا ثابت کرتا ہے؟ پاکستان سے اٹھائیں، انڈیا سے یا افغانستان سے، 24 گھنٹے ہیں آپ کے پاس، وہ سمندر پر ہیں یا آسمان پر ہیں مجھے وارنٹ کی تعمیل چاہیے، میں دیکھتا ہوں کیسے پیش نہیں ہوتے، مجھے 24 گھنٹے کے اندر وارنٹس پر عمل درآمد چاہیے،ڈی آئی جی نے عدالت کو یقین دہانی کرائی وارنٹس پر عمل ہوگا، عدالت نے سماعت میں وقفہ کرتے ہوئے ریمارکس دئیے وارنٹ کی تکمیل نہ ہونے کی صورت میں توہین عدالت کی کارروائی ہوگی۔

جج افضل مجوکہ نے سماعت کا حکم نامہ جاری کر دیا، حکمنامہ کے مطابق ہادی علی، ایمان مزاری عدالت پیش نہیں ہوئے، تفتیشی افسر کے مطابق ملزمان کے وارنٹ کی تعمیل نہیں کی گئی،ملزمان اپنی رہائش گاہ پر موجود نہیں تھے،ملزمان جان بوجھ کرگرفتاری سے بچنے کےلئے فرار اختیار کررہے ہیں، پولیس کو وارنٹ کی تعمیل کےلیے وقت دیا جاتا ہے، ایمان مزاری اور ہادی علی کے دوبارہ وارنٹ گرفتاری جاری کیے جاتے ہیں، پولیس سے ایس پی اور این سی سی آئی اے سے ڈپٹی ڈائریکٹر سے کم رینک کا افسر وارنٹ کی تعمیل کےلئے تعینات نہ کیا جائے،عدالت نے حکم دیا ایمان مزاری اور ہادی علی کو گرفتار کرکے عدالت ویڈیولنک کے ذریعے پیش کیا جائے،مزید بر آں ایمان مزاری اورہادی علی چٹھہ نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں وارنٹ گرفتاری اور دیگر عدالتی احکامات کو چیلنج کردیا۔