لاہور (مشرق نیوز) اینٹی نارکوٹکس فورس نے ملک کے مختلف شہروں میں کارروائیاں کرتے ہوئے 6608.3 کلوگرام منشیات برآمد کر لی جبکہ افغان باشندے سمیت 8 ملزمان کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔ ترجمان اے این ایف کے مطابق یہ کارروائیاں اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، کراچی، ملتان، ترکئی، گلگت، پشاور اور نوکنڈی میں کی گئیں، کارروائیوں کے دوران 6583 کلو 600 گرام چرس اور 10 کلوگرام ہیروئن برآمد کی گئی ہے۔
ترجمان کے مطابق اس کے علاوہ 9 کلو 300 گرام آئس، 5 کلو 250 گرام افیون اور 150 گرام کینابیس بھی قبضے میں لی گئی ہے، گرفتار ملزمان میں سے ایک نے تعلیمی اداروں کے طلبہ کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف بھی کر لیا ہے۔
اے این ایف کے مطابق تمام کارروائیوں کے دوران گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کرلئے گئے ہیں جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔
اے این ایف کارروائیاں، 6608 کلو منشیات برآمد، 8 ملزمان گرفتار



















