اسلام آباد (مشر ق نیوز) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ پولیس افسران کی مالی مشکلات دور کرنے کیلئے خصوصی اقدامات کئے جارہے ہیں، چاہتا ہوں کہ ہر افسر کی تنخواہ بہتر ہو۔ محسن نقوی نے اسلام آباد میں نیشنل پولیس اکیڈمی کا دورہ کیا اور وہاں کی تزئین و آرائش کے کام کا معائنہ کیا، انہوں نے کمانڈنٹ نیشنل پولیس اکیڈمی کو ضروری ہدایات بھی دیں۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے زیر تربیت اے ایس پیز سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ زیر تربیت اے ایس پیز کو پاسنگ آوٹ پر پلاٹ دیے جائیں گے، موجودہ پولیس بیچ کو بین الاقوامی معیار کے مطابق تیار کیا جائے گا، زیرِ تربیت اے ایس پیز کو ایک ماہ کی تربیت کیلئے بیجنگ بھیجا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اے ایس پیز کی ٹریننگ میں مزید جدید تقاضوں کے مطابق تربیتی ماڈیولز لائیں گے، افسران کی پیشہ ورانہ قابلیت اور عملی مہارت بڑھانے کیلئے اقدامات یقینی بنائیں گے۔ محسن نقوی نے کہا کہ نیشنل پولیس فاونڈیشن کے تعاون سے افسران کیلئے جدید سہولیات فراہم کی جائیں گی، افسران کی پروموشن کے مسائل حل کئے جائیں گے۔
چاہتا ہوں ہر پولیس افسر کی تنخواہ بہتر ہو، محسن نقوی



















