لاہور ( میاں ساجد ) صوبے میں بلدیاتی نظام کو مضبوط بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، دیہی علاقوںاور شہری علاقوں کو آبادی کے لحاظ سے یونین کونسلوں کی سطح پر ترتیب دیا جائے گا پھر یونین کونسل کو میونسپل کارپوریشز کے تحت منتقل کیا جائے گا۔ بلدیاتی انتخابات الیکشن کمیشن کے جاری احکامات کے بعد منعقد ہوں گے۔ قیاسی آرائی ہے کہ مئی جون 2026 تک متوقع ہے کہ صوبہ پنجاب میں بلدیاتی الیکشن ہو سکتے ہیں لیکن اس کے صوابدیدی اختیارات الیکشن کمیشن کے پاس ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات پر بلدیاتی اداروں کو بااختیار بنانے اور عوامی خدمت کے عمل کو نچلی سطح تک پہنچانے کیلئے عملی اقدامات جاری ہیں۔ الیکشن کمیشن کی طرف سے نوٹیفکیشن جاری ہوتے ہوئے اس کو عملی جامہ پہنایا جائیگا۔ حلقہ بندیوں کا سلسلہ تیزی سے جاری و ساری ہے جس کا دائرہ کار صوبہ پنجاب کی سطح پر ہنگامی بنیادوں پر مکمل کیاجا رہاہے۔ تمام ڈسٹرکٹ کونسلز، میونسپل کارپوریشنز اور یونین کونسل کے معاملات کا جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ بلدیاتی نظام کو شفاف، بااثر اور جوابدہ بنایا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلدیاتی نمائندے عوام کے بنیادی مسائل، جیسے صفائی، نکاسی آب، پینے کے صاف پانی، سٹریٹ لائٹس اور دیگر سہولیات کی فراہمی میں اہم کردار ادا کریں گے۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت بلدیاتی انتخابات کو شفاف اور بروقت یقینی بنانے کیلئے پرعزم ہے، اور پارٹی یونین کونسل کی سطح تک اپنے امیدواروں کی نامزدگی کا عمل میرٹ اور مقبولیت کی بنیاد پر مکمل کر رہی ہے۔پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کی تمام تیاریوں کے حوالہ سے پنجاب حکومت نے موجودہ یونین کونسلوں کا نظام ختم کرکے نئے طرز پر الیکشن کو منعقد کرنے کیلئے کوشاں ہے۔ ان خیالات کا اظہار چیئرمین قائمہ کمیٹی پنجاب اسمبلی رکن صوبائی اسمبلی پیر اشرف رسول کی روزنامہ ”مشرق“ سے خصوصی گفتگو ان کا کہنا تھا کہ نیا نظام وارڈز کی بنیاد پر مرتب کیا جائیگا جس میں آبادی، علاقے کی وسعت، اور بنیادی سہولیات کو مدنظر رکھتے ہوئے نئی حلقہ بندیاں کی جائیں گی۔ بلدیاتی ایکٹ میں ترامیم کے بعد اب یونین کونسلز کی جگہ وارڈز لیں گے، جن کے سربراہان کو براہ راست منتخب کیا جائیگا۔ اس نظام کا مقصد مقامی حکومتوں کو زیادہ بااختیار اور جوابدہ بنانا ہے۔الیکشن کمیشن نے اس ضمن میں تیاریوں کا آغاز کر دیا ہے اور نئی حلقہ بندیوں کیلئے ڈیٹا کی چھان بین شروع کر دی گئی ہے۔ یونین کونسلوں کے خاتمے اور وارڈ سسٹم کے نفاذ سے بلدیاتی سیاست میں بڑی تبدیلی متوقع ہے۔ قائمہ کمیٹی بلدیات کی سطح پر تمام ڈسٹرکٹ کونسلز، میونسپل کارپوریشنز، اور یونین کونسلوں کے معاملات کا جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ بلدیاتی نظام کو شفاف، بااثر اور جوابدہ بنایا جا سکے۔
صوبے میں بلدیاتی نظام مضبوط بنایا جائیگا: پیر اشرف رسول



















