واشنگٹن: (خواجہ فاروق) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کوئی قانون نہیں مانتا،کسی بھی ملک پر حملے کیلئے آزاد، فوج کو د نیا کے کسی بھی ملک پر کارروائی کا حکم دے سکتا ہوں،دنیا کے تمام ممالک پر فوجی کارروائی کا اختیار پاس ،اپنی اخلاقیات ہی واحد حد ہے۔
نیویارک ٹائمز کو دئیے گئے انٹرویو میں صدر ٹرمپ نے واضح کیا میرے فیصلے بین الاقوامی قوانین سے محدود نہیں،ملکی قومی سلامتی ،مفادات کے تحفظ کےلئے کسی بھی ملک میں کارروائی کرنے کےلئے آزاد ہیں، میری اپنی اخلاقیات، فیصلہ ،یہی چیزمجھے روکتی ہے،فوج کو کسی بھی ملک پر حملے کا حکم دے سکتا ہوں۔
امریکی صدر نے کہاحکم دینے کا مکمل اختیار کیونکہ اپنے ملک کا کمانڈر انچیف ہوں، کوئی نہیں روک سکتا،کسی ملک پر حملہ کرنے کا فیصلہ صرف اپنے طے کردہ اخلاقیات کے اصول ،سوچ سے کرتا ہوں کسی اور کی پروا نہیں،طاقتور اقدامات ،فوجی کارروائیاں ملکی عالمی مفادات کے تحفظ میں مددگار ہیں۔
صدر ٹرمپ نے گرین لینڈ ، وینزویلا کے معاملات کی مثالیں دیتے ہوئے کہا امریکی طاقت کے استعمال سے عالمی سطح پر اپنے ملک کے مفادات کو مضبوط کر سکتے ہیں،کبھی بین الاقوامی قانون پر عمل ضروری لگتا ہے لیکن اطلاق اس بات پر منحصر ہے قانون کی تعریف کس طرح کی گئی ،حقیقی فیصلہ اخلاقیات پر منحصر ہونا چاہئے۔
ایک سال سے زائد عرصے تک وینزویلا کے معاملات چلانے اور تیل پر قبضہ رکھنے کے عزائم کا اظہارکرتے ہوئے ٹرمپ نے کہاامریکہ کا روس کےساتھ جوہری معاہدہ ختم ہوتا ہے تو ہونے دیں، معاہدے میں چین کو شامل کیا جانا چاہئے، شی جن پنگ میرے دور صدارت میں تائیوان پر فوجی کارروائی نہیں کریں گے،کوئی اقدام اٹھایا گیا تو خوش نہیں ہوں گے۔
امریکی صدر نے ایک بار پھر وارننگ دیتے ہوئے کہا احتجاج کے دوران مظاہرین کو قتل کیا گیا تو ایران کو سخت ترین جواب دیں گے،ایران کو واضح طور پر بتا دیا لوگوں کو قتل کرنا شروع کیاتو خاموش نہیں بیٹھیں گے،بعض اموات بھگدڑ کے باعث بھی ہوئیں ،ضروری نہیں سکیورٹی فورسز کی کارروائی کا نتیجہ ہوں،ٹرمپ نے کہا ہر موت کا ذمہ دار کسی ایک فریق کو نہیں ٹھہرا سکتے لیکن ایران کو سختی سے خبردار کر دیا گیا اگر قتل عام ہواتو بھاری قیمت چکانا ہوگی،مظاہرین کی آزادی کےلئے کھڑے ہیں آپ بہادر لوگ ہیں۔
علاوہ ازیں اپنے سوشل میڈیا پیغام میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا وینزویلا ،امریکہ کے تعلقات میں مثبت پیشرفت دیکھ رہا ہوں،وینزویلا پر حملوں کا ممکنہ دوسرا مرحلہ منسوخ کر دیا ،دونوں ممالک کی جانب سے تیل و گیس کے شعبے میں مشترکہ منصوبوں پر کام شروع ہو چکا ،بڑی آئل کمپنیاں وینزویلا میں کم از کم 100 ارب ڈالر سرمایہ کاری کریں گی،سکیورٹی مقاصد کے تحت وینزویلا کے تمام تیل بردار جہاز اپنی جگہ پر موجود رہیں گے، وینزویلا نے امن کی کوشش میں بڑی تعداد میں سیاسی قیدی رہا کر دیئے،اگلے ہفتے واشنگٹن میں وینزویلا کی اپوزیشن رہنما ماریا کورینا مچاڈو سے ملاقات کرونگا۔
ایران کو پھر وارننگ، کوئی قانون نہیں مانتا،کسی بھی ملک پر حملے کیلئے آزاد ہوں،ٹرمپ



















