چھوٹے، درمیانے کاروبار کیلئے آسان قرضوں کی فراہمی تیز کی جائے:وزیر اعظم

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ملک میں ایس ایم ایز کی ترقی سے برآمدات بڑھانے کی بھرپور صلاحیت موجود ہے،ملک میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کے فروغ کےلئے سمیڈا کے بزنس پلان کے حوالے سے اجلاس وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ہوا جس میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کے فروغ کےلئے آئندہ 3 سال کا روڈ میپ پیش کیا گیا،وزیراعظم نے قابل عمل اور موثر پلان تشکیل دینے پر معاون خصوصی ہارون اختر اور سمیڈا کے نو منتخب بورڈ آف ڈائریکٹرز کی پذیرائی کی،شہباز شریف نے کہا چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار ملکی معیشت کےلئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، ترقی سے ملکی برآمدات میں اضافے کی بھرپور استعداد موجود ہے،اجلاس کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی بینکوں اور دیگر مالی اداروں کی جانب سے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کو آسان شرائط پر قرضے فراہم کرنے کےلئے اقدامات تیز کیے جائیں، اجلاس میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کو درپیش مسائل کے سدباب کےلئے لائحہ عمل، ایس ایم ایز کو ملکی برآمدات میں شامل کرنے کےلئے حکمت عملی اور بزنس پلان میں شامل دیگر اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی،اجلاس کو پاکستان کے ایس ایم ایز سیکٹر کو عالمی مارکیٹ میں مسابقتی بنیادوں پر متعارف کرانے کےلئے مختلف ممالک کےساتھ جاری تعاون کو مزید بڑھانے کے حوالے سے جاری اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی،بریفنگ میں بتایا گیا ملکی ایس ایم ایز کی استعداد بڑھانے کےلئے حال ہی میں 6 شہروں میں متعدد ورکشاپس کا انعقاد کیا جا چکا ہے جبکہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کو عالمی سطح پر مسابقت کےلئے تیار کرنے کےلئے متعدد تربیتی پروگرامز پر بھی کام جاری ہے،اجلاس میں خواتین کو ایس ایم ای سیکٹر میں شرکت اور بھرپور کردار ادا کرنے کے حوالے سے اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی،دریں اثناوزیر اعظم شہباز شریف نے بنگلہ دیش کی سابق وزیر اعظم اور بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی کی چیئرپرسن بیگم خالدہ ضیاءکے انتقال پر اظہار تعزیت کےلئے عوامی جمہوریہ بنگلہ دیش کے ہائی کمیشن کا دورہ کیا،شہباز شریف نے بنگلہ دیش کے ناظم الامور سے تعزیت کا اظہار کیا، تعزیتی کتاب میں پیغام ریکارڈ کیا اور مرحومہ کی روح کےلئے فاتحہ خوانی کی۔