پنجاب میں ترقی کی نئی مثالیں قائم،کے پی وزرا کی بدزبانی برداشت کرنا ظرف ہے، عظمیٰ بخاری


لاہور:( نمائند ہ خصوصی)وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے وزیراعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں پنجاب نے ترقی، فلاح اور بہتر طرز حکمرانی کی نئی مثالیں قائم کیں، پنجاب حکومت کی سالانہ کارکردگی عوامی اعتماد، شفافیت و زمینی حقائق پر مبنی منصوبہ سازی کا عملی ثبوت ہے،ایک سال میں 90 فلیگ شپ منصوبوں نے کاغذوں سے نکل کر عملی شکل اختیار کرلی ،عوام براہ راست منصوبوں سے مستفید بھی ہورہے ہیں۔

پنجاب حکومت کی سالانہ کارکردگی پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کسان، طلبہ ، مزدور، نوجوان و خواتین سمیت معاشرے کے ہر طبقے کو ساتھ لےکر چلنے کی پالیسی نے پنجاب کو دیگر صوبوں کی نسبت ترقی کے سفر میں سب سے آگے کر دیا،الیکٹرک بسیں، گرین ٹرین، الیکٹرک بائیکس، ستھرا پنجاب، اپنی چھت اپنا گھر، آسان کاروبار و کسان کارڈ مریم نوازکے ایسے فلیگ شپ پروگرام ہیں جنہوں نے سہولت، روزگار، تعلیم، ٹرانسپورٹ، ماحولیات و معاشی بہتری کے نئے دروازے کھولے ،منصوبوں کی بدولت پنجاب خدمات، اصلاحات و پائیدار ترقی میں دیگر صوبوں پر سبقت رکھتا ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہا سہیل آفریدی مہمان ،پنجاب حکومت مہمان نوازی، سیاسی شائستگی و احترام کی روایت پر قائم ہے تاہم گفتگو و انداز میں مناسب سنجیدگی و ذمہ داری کا مظاہرہ ہونا چاہیے تھا جو افسوس کےساتھ نظر نہیں آیا،مثبت سیاست و عملی کارکردگی پر یقین رکھتے ہیں، جھوٹ، الزام تراشی ، غیر سنجیدہ بیانات پر نہیں،2025 اپنے اختتامی مرحلے میں ہے اور سال پنجاب کی ترقی، عوامی فلاح اور سیاسی استحکام کا سال ثابت ہوا،وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازکی قیادت کو قومی و بین الاقوامی سطح پر تحسین ملی، صوبے کی مثبت شناخت مزید مضبوط ہوئی۔

عظمیٰ بخاری نے کہا پنجاب میں امن و امان کی صورتحال میں نمایاں بہتری ، جرائم پیشہ گروہوں کے خلاف موثر کارروائیاں ہوئیں ،منشیات فروش نیٹ ورکس کو توڑا گیا،پولیس کی استعداد کار بڑھانے کےلئے جدید ساز و سامان، ڈرون ٹیکنالوجی، اینٹی ڈرون سسٹمز، تھرمل ڈیوائسز ، آپریشنل گاڑیاں فراہم کی گئیں تاکہ اہلکاروں کی جانوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے،پنجاب میں ڈرون ٹیکنالوجی کو پہلی بار جائے وقوعہ تک فوری رسائی، ثبوت جمع کرنے و آپریشنل معاونت کےلئے استعمال کیا جا رہا ہے، کچے کے علاقوں میں آپریشنز کےلئے خصوصی بکتر بند گاڑیاں خریدی گئیں۔

وزیر اطلاعات نے کہاکچے کا علاقہ مکمل طور پر کلیئر ہونے تک کارروائیاں جاری رہیں گی اور جرائم پیشہ عناصر کا کوئی ٹھکانہ محفوظ نہیں رہے گا،”ستھرا پنجاب پروگرام“ کے تحت لاہور کے قدیم ویسٹ ڈپو لکھو ڈیر کو ویسٹ ٹو انرجی زون میں تبدیل کیا جا رہا ہے، 50میگاواٹ کا پاور پلانٹ لگایا جائے گا جو صوبے میں کچرے سے توانائی کے حصول کا پہلا بڑا قدم ہوگا،ابتدائی اعداد و شمار کے مطابق صفائی نظام میں نمایاں بہتری آئی ،ویسٹ مینجمنٹ انفراسٹرکچر فعال ہے،اپنی چھت اپنا گھر منصوبے کے تحت اب تک 50ہزار سے زائد گھر مکمل ہونااور مجموعی تعداد میں مسلسل اضافہ پنجاب کی سماجی فلاح کا مضبوط ثبوت ہے۔

عظمیٰ بخاری نے کہا بیوہ خواتین، اقلیتوں و کم آمدن شہریوں کی فراہمی کو خصوصی ترجیح دی گئی جو پاکستان کے سماجی تحفظ کے نظام میں قابل تقلید مثال ہے،پنجاب میں ٹرانسپورٹ انفراسٹرکچر کو نئے مرحلے میں داخل کیا جا رہا ہے، فیصل آباد میں اورنج اور ریڈ لائن منصوبے، گوجرانوالہ کو میٹرو نیٹ ورک سے جوڑنے کا اعلان شہری آمدورفت میں اہم تبدیلی لائے گا،آسان کاروبار سکیم کے تحت 6ماہ میں اربوں کے بلاسود قرضے دئیے گئے، خواتین ،نوجوانوں کا بڑا حصہ شامل ہے،طلبہ کو لیب ٹاپ ،سکالرشپ تقسیم کی جارہی ہیں،1500 الیکٹرک بسیں پورے پنجاب میں چل رہی ہیں،ایک لاکھ 26 ہزار گھر اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے تحت بن رہے ہیں،کسان کارڈ کے تحت 250 ارب دیئے جاچکے ،گرین ٹریکٹر ، سپر سیڈر تقسیم کیے گئے۔

وزیر اطلاعات نے کہا نوازشریف کینسر ہسپتال جنوری میں اپنا کام شروع کرنے جارہا ہے ،سرگودھا کاڈیالوجی ہسپتال میں کام شروع ہوچکا ،جلد مریم نواز افتتاح کریں گی،صوبے میں چھوٹے کاروبار ،روزگار کے مواقع تیزی سے بڑھ رہے ہیں،نواز شریف کینسر ہسپتال، سرگودھا کارڈیالوجی ہسپتال، میڈیکل ڈسٹرکٹ لاہور ، رحیم یار خان و نارووال میں نئے برن یونٹس کا افتتاح نئی صحت پالیسی کی بنیاد ہوں گے، 4300بچوں کی کامیاب دل کی سرجریز پنجاب کے علاج معالجے کے شعبے میں تاریخی سنگ میل ہیں۔

عظمیٰ بخاری نے کہا مہمان نوازی پنجاب کی روایت ہے ،خیبر پختونخوا کے وزراکو اسی وقار کے ساتھ خوش آمدید کہا، کچھ غیر سنجیدہ گفتگو اور نامناسب زبان نے افسوس پیدا کیا، پنجاب اسمبلی میں بدتمیزی، دھکم پیل ،ناشائستہ زبان نے جمہوری ماحول کو داغدار کیا، حکومت نے ہر سطح پر ضبط اور شائستگی دکھائی،جرنلسٹ ہاوسنگ سوسائٹی فیز ٹو کی سکروٹنی کمیٹی اپنا کام مکمل کر رہی ہے، وزیر اعلیٰ جلد الاٹمنٹ لیٹرز جاری کریں گی،میڈیا کی عزت و تحفظ حکومتی ترجیح ہے۔