لاہور(قاضی ندیم اقبال)نبی کریم نے فرمایا ”رجب اللہ تعالیٰ کا مہینہ ہے، شعبان میرا اور رمضان میری امت کا مہینہ ہے“۔ زمانہ جاہلیت میں عربوں کے ہاں بھی رجب کا مہینہ خاص احترام اور اہمیت کا حامل تھا۔ اسی وجہ سے اس مہینے میں ان کے ہاں جنگ و خونریزی، قتل و غارت وغیرہ ممنوع اور حرام تھا اور وہ اس ممنوعیت کے پابند بھی تھے۔ ظہور اسلام کے بعد اس مہینے کی حرمت اور اہمیت میں مزید اضافہ ہوا اور دینی لحاظ سے اس مہینے کی ایک خاص اہمیت ہے۔اس امر کا اظہار مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والی جید شخصیات نے ”مشرق“ سے گفتگو میں کیا۔وفاقی سیکرٹری مذہبی امورو بین المذاہب ہم آہنگی ڈاکٹر سید عطاءالرحمن نے کہا کہ ماہ رجب کی فضیلت کا ذکر کریں تو،رجب ان چار مہینوں میں سے ایک ہے۔نبی کریم نے فرمایارجب کی فضیلت تمام مہینوں پر ایسی ہے جیسے قرآن کی فضیلت تمام ذکروں (صحیفوں) کتابوں پر ہے اور تمام مہینوں پر شعبان کی فضیلت ایسی ہے جیسی محمد کی فضیلت باقی تمام انبیائے کرام پر ہے اور تمام مہینوں پر رمضان کی فضیلت ایسی ہے جیسے اللہ تعالیٰ کی فضیلت تمام (مخلوق) بندوں پر ہے۔سیکرٹری اوقاف پنجاب ڈاکٹر احسان بھٹہ نے کہا کہ تقویم (ہجری کیلنڈر) اسلامی سال کے ساتویں مہینہ کا نام رجب المرجب ہے اس کی وجہ تسمیہ یہ ہے کہ رجب ترجیب سے ماخوذ ہے اور ترجیب کے معنی تعظیم کرنا ہے۔ یہ حرمت والا مہینہ ہے اس مہینہ میں جدال و قتال نہیں ہوتے تھے اسلئے اسے“الاصم رجب”کہتے تھے، اس مہینے میں ہتھیاروں کی آوازیں نہیں سنی جاتیں۔ اس مہینہ کو“اصب”بھی کہا جاتا ہے کیوں کہ اس میں اللہ تعالیٰ اپنے بندوں پر رحمت و بخشش کے خصوصی انعام فرماتا ہے۔ اس ماہ میں عبادات اور دعائیں مستجاب ہوتی ہیں۔چیئر مین مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان مولانا سید عبد الخبیر آزاد نے کہا کہ رجب کھیتی کا مہینہ ہے، شعبان پانی دینے کا مہینہ اور رمضان کھیتی کاٹنے کا مہینہ ہے اور ہر وہ شخص جو بوتا ہے کاٹتا ہے اور اپنے عمل کا بدلہ پاتا ہے اور جس نے کھیتی کو ضائع کیا وہ کٹائی کے دن پشیمان ہوتا ہے اپنے گمان کے خلاف پاتا اور برے انجام کو دیکھتا ہے- بعض صالحین نے فرمایا ہے کہ، سال ایک درخت کی طرح ہے رجب اس کے پتوں کے دن ہیں، شعبان اس کے پھل لانے اور رمضان پھل چننے کے دن ہیں۔ اللہ رب العزت کی مغرفت حاصل کرنے، شعبان شفاعت کے حصول، رمضان نیکیوں کے بڑھنے، لیلتہ القدر نزول رحمت اور یومِ عرفہ تکمیل دین کی خصوصیت رکھتا ہے۔ چیئر مین اسلامی نظریاتی کونسل پاکستان علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے کہا کہ حضرت عکرمہ حضرت ابن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت کرتے ہیں کہ حضور اکرم نے ارشاد فرمایا، رجب اللہ رب العزت کا مہینہ ہے، شعبان میرا مہینہ ہے، اور رمضان میری امت کا مہینہ ہے۔ رجب آفات کے ترک، شعبان عبادات کے استعمال اور رمضان کرامات کی انتظار کا مہینہ ہے، پس جس نے آفات کو ترک نہ کیا عبادات سے تعلق نہ جوڑا اور کرامات کا انتظار نہ کیا وہ اہل باطل سے ہے۔ مہتمم جامعہ منہاج الحسین علامہ ڈاکٹر محمد حسین اکبرنے کہا کہ ماہ رجب المرجب کی پہلی جمعرات کو لیلتہ الرغائب کہتے ہیں - اس کی فضیلت میں حدیثیں مروی ہیں اسی طرح اس ماہِ مبارک کی 27 ویں رات بڑی بابرکت رات ہے کیونکہ اسی رات سید الانبیاءحضرتِ محمد مصطفی معراج شریف پر تشریف لے گئے اور دیدار الٰہی کی دولت سے مشرف ہوئے لہٰذا 27 ویں کے دن روزہ رکھنا چاہئے۔
ظہور اسلام کے بعد رجب کے مہینے کی حرمت اور اہمیت میں مزید اضافہ ہوا:عطاءالرحمن



















