ایل ڈی اے، پلاٹس کو تکنیکی بنیادوں پر بوگس استثنیٰ قرار دیکر بحق سرکار ضبط کرنا معمول

لاہور (میاں ذیشان) لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی انوکھی منطق، گزشتہ کئی دہائیاں قبل الاٹ کئے گئے پلاٹس کو تکنیکی بنیادوں پر بوگس ایگزیمپشن قرار دیکر بحق سرکار ضبط کر کے مالک پلاٹ کو ملکیت سے محروم کرنا معمول بن گیا۔ ہزاروں رہائشی و کمرشل پلاٹس کے مالکان کو بونافائیڈ کمیشن اور عدالتوں میں ملکیت کے حقوق کیلئے انصاف کے منتظر ہیں۔ بوگس ایگزیمپشن، ڈبل ایگزیمپشن، ملکیت میں سقم جیسے سنگین اعتراضات لگا کر کروڑوں کمانے کا طریقہ واردات دریافت کر لیا گیا ہے۔ دو سال قبل محکمہ انسداد بدعنوای کی انکوائری میں صرف جوہر ٹاﺅن ہاﺅسنگ سوسائٹی کے مختلف بلاکس میں واقع 28 پلاٹوں کو بوگس الاٹمنٹ ثابت ہونے پر منسوخ کر دیا گیا تھا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے زیر انتظام مختلف رہائشی سکیموں میں گزشتہ کئی دہائیوں قبل الاٹ کیے گئے ہزاروں پلاٹس کو تکنیکی بنیادوں پربوگس ایگزیمپشن، ڈبل ایگزیمپشن اور ملکیت میں سقم جیسے اعتراضات لگا کر منسوخ کرنا ایک معمول بنتا جا رہا ہے جس کے نتیجے میں سینکڑوں نہیں بلکہ ہزاروں پلاٹس بحق سرکار ضبط کیے جا چکے ہیں جبکہ متاثرہ مالکان کو قانونی طور پر ملکیت سے محروم کر دیا گیا ہے، ذرائع کے مطابق مختلف ایل ڈی اے سکیموں میں کثیر تعداد میں رہائشی اور کمرشل پلاٹس کی کینسلیشن کے بعد ان کے اصل مالکان بونافائیڈ کمیشن اور مختلف عدالتوں میں اپنے ملکیتی حقوق کے حصول کیلئے برسوں سے زیر التواءمقدمات بھگتنے پر مجبور ہیں۔ماہرین کا کہنا ہے کہ پرانے الاٹمنٹس کو اچانک تکنیکی خامیوں کی بنیاد پر مشکوک قرار دے کر نہ صرف شہریوں کو مالی نقصان پہنچایا جا رہا ہے بلکہ بوگس اور ڈبل ایگزیمپشن جیسے سنگین اعتراضات کو ایک منظم طریقہ واردات کے طور پر استعمال کر کے کروڑوں روپے کمانے کا راستہ بھی ہموار کیا گیا ہے جس سے ایک طرف عوام کا اداروں پر اعتماد مجروح ہو رہا ہے تو دوسری جانب عدالتی نظام پر بوجھ بڑھتا جا رہا ہے۔اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کے مراسلہ نمبر ACE-LR-2023-1777 مورخہ 26 اپریل 2023 کے مطابق ایف آئی آر نمبری 06/23 کے تحت انکوائری رپورٹ میں یہ انکشاف ہوا کہ مذکورہ پلاٹس بوگس،جعلی فائلز اور دستاویزات کی بنیاد پر الاٹ یا ریلیف کے طور پر دیے گئے تھے۔ جس پر لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے شعبہ ہاﺅسنگ کے زون 7 نے 21 جون 2023 کو اپنے مراسلہ LDA/H-VII/PS/148 کے ذریعے ان پلاٹس کی الاٹمنٹ اور استثنیٰ منسوخ کرنے کا فیصلہ کیاتھا۔ منسوخ شدہ پلاٹس میں بلاک F1 میں کل 7 پلاٹ نمبران 82 تا 84، 336 تا 339، اسی طرح بلاک F کے 2 پلاٹ نمبران 332، 333 ، بلاک D-II کا 165-A ، بلاک H-2 کا پلاٹ نمبر 312 اور بلاک N کے 16 پلاٹ نمبران 321، 322، 327، 328، 340 تا 342، 345، 346، 348، 370، 394، 396، 400، 403، 406 شامل ہیں۔ مذکورہ پلاٹ مالکان کے خلاف یہ کارروائی ملکیت کے سقم، جعلی دستاویزات اور بوگس فائلز کی موجودگی کی تصدیق کے بعد کی گئی، جس کے نتیجے میں متاثرہ افراد قانونی چارہ جوئی کیلئے عدالتوں اور مناسب فورمز کی طرف رجوع کر رہے ہیں تاکہ اپنے حقوق کی بحالی ممکن ہو سکے۔ ستم ظریفی یہ ہے کہ دہائیوں قبل ہونیوالی اس فراڈ اور جعلسازی کا انتقام موجودہ خریدار سے لیا جا رہا ہے۔ جنہوں نے کروڑوں کے ٹیکسیز حکومت کے خزانے جمع کروانے اور اتھارٹی کی جانب سے این او سی کے اجراءکے بعد خرید کئے تھے۔

اس حوالے سے ترجمان لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کاکہنا ہے کہ پلاٹ مالکان کے خلاف یہ کارروائی صرف ملکیت کے سقم، جعلی دستاویزات اور بوگس فائلز کی تصدیق کے بعد کی گئی اور یہ فیصلہ شہریوں کے حقوق کو نقصان پہنچانے کیلئے نہیں بلکہ قانون کی بالادستی اور شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے ہے۔ ایل ڈی اے اس بات کو بھی تسلیم کرتا ہے کہ بعض پرانے معاملات میں جعلی یا مشکوک دستاویزات کی بنیاد پر ہونے والی غلطیاں موجودہ مالکان کیلئے مشکلات کا سبب بن سکتی ہیں لیکن متاثرہ افراد عدالتوں اور مناسب فورمز کے ذریعے قانونی چارہ جوئی کے اہل ہیں تاکہ اپنے حقوق کی بحالی ممکن ہو سکے۔