اسلام آباد: (بیورورپورٹ)وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر اورنگزیب نے کہا ہے مسلسل اصلاحات و پالیسیوں کے تسلسل سے ملکی و عالمی سطح پر اعتماد بحال ، معیشت اب محض استحکام کے مرحلے سے نکل کر برآمدات پر مبنی ترقی کی جانب بڑھ رہی ہے، مقامی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کےلئے نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں اور ملک پائیدار طویل المدتی ترقی کی راہ پر چل پڑا ۔
انٹرویو میںسینیٹر اورنگزیب نے کہا مالی سال 2025 کا آغاز پاکستان نے بہتر معاشی بنیاد کےساتھ کیا ،کلی معیشت کے استحکام، بیرونی کھاتوں میں بہتری و ڈھانچہ جاتی اصلاحات سے مضبوط وابستگی بھی شامل ہے،برسوں بعد پہلی بار پرائمری بجٹ سرپلس و کرنٹ اکاونٹ سرپلس حاصل کرنامسلسل خساروں کے چکر سے نکلنے کی واضح علامت ہے، ترسیلات زر میں نمایاں اضافہ بہتری کا اہم سبب بنا ،مہنگائی 38 فیصد کی بلند ترین سطح سے کم ہو کر سنگل ڈیجٹ میں آ گئی ، زر مبادلہ ذخائر 14.5 ارب ڈالر سے متجاوز کر چکے۔
وزیر خزانہ نے کہا2.7 فیصد معاشی نمو مثبت ضرور ہے مگر تیزی سے بڑھتی آبادی کی ضروریات پوری کرنے کےلئے ناکافی ہے،ماضی کے تجربات کو مدنظر رکھتے ہوئے کھپت و قرضوں پر مبنی ترقی کے ماڈل سے ہٹ کر برآمدات پر مبنی حکمت عملی اختیار کر رہے ہیں،موجودہ بجٹ میں ٹیکس اصلاحات، توانائی شعبے میں بہتری، سرکاری اداروں کی اصلاح اور ٹیرف اصلاحات شامل ہیں،مقصد دہائیوں پر محیط تحفظاتی نظام کا خاتمہ اور عالمی مسابقت میں اضافہ ہے،مستقبل کا دارومدار صرف مالی اشاریوں نہیں بلکہ آبادی میں تیز رفتار اضافے، موسمیاتی تبدیلی، بچوں میں غذائی قلت، تعلیمی پسماندگی اور بچیوں کی تعلیم میں شمولیت جیسے بنیادی مسائل کے حل پر ہے۔
سینیٹر اورنگزیب نے عالمی سطح پر موجود خطرات جیسے اجناس کی قیمتوں میں اتار چڑھاو، بیرونی قرضوں کا دباو اور سیاسی غیر یقینی صورتحال کا اعتراف کرتے ہوئے کہا حکومت ہر حال میں اصلاحات کا سفر جاری رکھے گی،عالمی برادری کو واضح پیغام دیتے ہوئے کہا پاکستان تجارت، سرمایہ کاری اور شراکت داری کےلئے تیار ہے،ملک بحرانوں کے بیانیے سے نکل کر مواقع و تبدیلی کے سفر میں داخل ہو چکا ،پائیدار ترقی کے دہانے پر کھڑی معیشت میں شراکت کے خواہاں افراد اور اداروں کےلئے روشن امکانات موجود ہیں۔
عالمی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال، برآمدات پر مبنی ترقی کا آغاز ہوگیا،وزیر خزانہ



















