سابق ڈی جی آئی ایس آئی جنرل فیض حمید کو 14 سال قید بامشقت
راولپنڈی :(بیورورپورٹ)سابق ڈی جی آئی ایس آئی جنرل فیض حمید کو 14 سال قید بامشقت کی سزا سنا دی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ جنرل کورٹ مارشل نے سابق لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کو 14 سال قید بامشقت کی سزا سنائی،سابق لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کےخلاف پاکستان آرمی ایکٹ کے تحت فیلڈ جنرل کورٹ مارشل کا عمل 15 ماہ تک جاری رہا،ملزم کےخلاف 4 الزامات پر کارروائی کی گئی، الزامات میں سیاسی سرگرمیوں میں ملوث ہونا، آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی خلاف ورزی، اختیارات و سرکاری وسائل کا غلط استعمال اور متعلقہ افراد کو ناجائز نقصان پہنچانا شامل ہیں۔
ترجمان پاک فوج نے کہا طویل و محنت طلب قانونی کارروائی کے بعد ملزم تمام الزامات میں قصور وار قرار پایا گیا،عدالت کی جانب سے دی گئی سزا کا اطلاق ہوگیا،فیلڈ جنرل کورٹ مارشل نے تمام قانونی تقاضے پورے کئے اور ملزم کو دفاع کیلئے وکیلوں کی ٹیم منتخب کرنے سمیت تمام حقوق فراہم کئے گئے،آئی ایس پی آر نے کہاملزم کے سیاسی عناصر کےساتھ ملی بھگت، افراتفری اور عدم استحکام کے معاملات الگ سے دیکھے جا رہے ہیں۔



















