عمران خان کو اڈیالہ جیل سے منتقل کرنے پر غور شروع


اسلام آباد:(بیورورپورٹ)حکومت نے عمران خان کو اڈیالہ جیل سے منتقل کرنے پر غور شروع کردیا۔

وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے اطلاعات و امور خیبر پختونخوا اختیار ولی خان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاپی ٹی آئی ملک کو عدم استحکام کا شکار کرنے کے ایجنڈے پر عمل پیرا ،احتجاج کے نام پر فتنہ و فساد پھیلانے کی کوشش کی جا رہی ہے، حکومت نے قیدی نمبر 804 (عمران خان) کو اڈیالہ جیل سے منتقل کرنے پر سنجیدگی سے غور شروع کردیا ۔

اختیار ولی خان نے کہا بانی پی ٹی آئی کےساتھ مذاکرات کے تمام دروازے بند ،ملک میں عشق پاکستان اور عشق عمران میں واضح لکیر کھینچ دی گئی ،فوج نے پوری دنیا میں پاکستان کا سر فخر سے بلند کیا، عمرا ن کاٹوئٹ پی ٹی آئی نگل سکتی ہے نہ اگل سکتی ہے، پشاور جلسے میں پورے ملک سے لوگ بلا کر بھی چند افراد اکٹھے نہ کر سکے، ٹی ٹی پی اور پی ٹی آئی میں کوئی فرق نہیں۔

کوآرڈینیٹر وزیراعظم نے کہا پی ٹی آئی نے اپنے دور حکومت میں کون سا پراجیکٹ بنایا؟ ،نوجوان نسل کو اپنی نفرت کی سیاست کی بھینٹ چڑھایا ،پی ٹی آئی نے ہمیشہ ملک کو نقصان پہنچایا، 9 مئی ، 26 نومبر جیسے واقعات کئے،گورنر راج لگانا ہوتا تو تب لگاتے جب آپ نے 26 نومبر والا واقعہ کیا تھا،پی ٹی آئی کو خون چاہئے،پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا اکاونٹس بھارت ،اسرائیل سے آپریٹ کئے جا رہے ہیں ۔

اختیار ولی نے کہاکسی کو غدار یا کسی جماعت پر پابندی لگانے کی بات نہیں کرتے ،میرا انتخاب پاکستان ہے، پاکستان ہمیشہ زندہ باد رہے گا،کونسا طریقہ ہے آپ پنڈی اور اڈیالہ روڈ پر بسنے والے لوگوں کی زندگی ہر ہفتے اجیرن بنادیں۔