اسلام آباد:(بیورورپورٹ)پاکستان،انڈونیشیا میں متعدد معاہدے،مفاہمتی یادداشتوں کا تبادلہ ،تعاون بڑھانے پر اتفاق کرلیا گیا۔
معاہدے وزیراعظم ہاوس میں منعقدہ تقریب میں کیے گئے ،انڈونیشیا کے صدر پرا بوو سوبیانتو ،وزیراعظم شہباز شریف نے بھی شرکت کی،دونوں رہنماوں نے معاہدوں ،مفاہمتی یاداشتوں کی دستاویزات کے تبادلے کا مشاہدہ کیا ،متعلقہ وزرا نے دستخط شدہ معاہدے و مفاہمتی یادداشتیں (ایم اویوز) باقاعدہ طور پر ایک دوسرے کے حوالے کیں،معاہدوں میں حلال تجارت، چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروبار، اعلیٰ تعلیم، منشیات کےخلاف اقدامات ، صحت کے شعبے شامل ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف سے انڈونیشیا کے صدر پرابووسوبیانتو نے ملاقات کی ،ملاقات میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، چیف آف آرمی سٹاف ، چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وزرا،اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی،وفود کی سطح پر اجلاس میں دونوں رہنماوں نے انڈونیشیا ،پاکستان کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلووں کا جائزہ لیا،باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں بشمول سیاسی و سفارتی مصروفیات، اقتصادی ،تجارتی تعلقات، دفاع ،سلامتی، صحت، تعلیم، سائنس ،ٹیکنالوجی، زراعت ،ماحولیاتی تعاون کے شعبوں میں تعاون مزید مضبوط بنانے کےلئے اپنے مشترکہ عزم کا اعادہ،تعلقات مزید بڑھانے ،دو طرفہ تجارت کی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار ، دونوں فریقین نے تجارتی حجم بڑھانے کےلئے انڈونیشیا،پاکستان ترجیحی تجارتی معاہدے (IP-PTA) پر نظرثانی،تجارتی عدم توازن دور کرنے کی کوششیں شروع کرنے،پاکستانی ڈاکٹرز، میڈیکل پروفیسرز اور ماہرین کو انڈونیشیا بھیجنے پر اتفاق کیا ۔
دونوں رہنماوں نے کشمیر ، غزہ کی صورتحال سمیت علاقائی و عالمی مسائل پر تبادلہ خیال ،سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں ،انسانی حقوق کے تحفظ کے مطابق تنازعات کے پرامن حل کےلئے اپنے مشترکہ عزم کا اعادہ بھی کیا، وزیر اعظم نے غزہ میں صدر پرابوو سوبیانتو کی فعال سفارتی و انسانی کوششوں ،جنگ بندی کے انتظامات آگے بڑھانے ،انسانی امداد کی فراہمی میں کردار کو سراہا،قبل ازیں وزیراعظم ہاوس آمد پر انڈونیشیا کے صدر کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، انڈونیشیا کے صدر نے پاکستان میں شاندار میزبانی ،صحت کے شعبے میں تعاون کا خیرمقدم کیا۔
بعدازاں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہاپاکستان ،انڈونیشیا کے تعلقات 75 سال پر مبنی ، تعلقات ہر آزمائش پر پورا اترے ،تعلقات مزید بلندیوں کو چھوئیں گے،انڈونیشیا کے صدر کو پاکستان میں خوش آمدید کہتا ہوں،پرابوووسوبیانتوانڈونیشیا کے مدبر رہنما ہیں،بات چیت انتہائی مثبت ،تعمیری رہی،انڈونیشیا کی حکومت ،عوام نے جنگ میں پاکستان کےساتھ اظہاریکجہتی کیا،غزہ میں اسرائیلی جنگ بندی کی خلاف ورزیاں قابل مذمت ہیں۔
انڈونیشیا کے صدر پرابوووسو بیانتو نے کہا پاکستان میں شاندارمیزبانی ،استقبال پر شکریہ اداکرتا ہوں،جے ایف17طیاروں کی سلامی میرے لیے اعزاز ہے،دونوں ممالک کے درمیان تاریخی تعلقات ، پاکستان کی جانب سے شعبہ صحت میں تعاون کا خیرمقدم کرتے ہیں، تعلیم، تجارت، زراعت، ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون کوفروغ دینگے،غزہ کے معاملے پر پاکستان ، انڈونیشیا نے مشترکہ موقف اپنایا، وزیراعظم شہبازشریف کو دورہ انڈونیشیا کی دعوت دیتا ہوں۔
دوسری جانب چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے انڈونیشیا کے صدر پروابوو سبیانتو نے ملاقات کی ،باہمی دلچسپی کے امور ،علاقائی سکیورٹی پر تبادلہ خیال،دفاعی تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیاگیا، انڈونیشیا کے صدر نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف اور خطے میں امن واستحکام کےلئے پاکستان کے کردار کا اعتراف کیا۔
ملاقات میں تربیت، انسداد دہشت گردی ، استعداد کار میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا،چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا پاکستان انڈونیشیا کےساتھ دیرینہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، تربیت، انسداد دہشتگردی ،استعداد کار میں اضافے کےلئے دفاعی تعاون کو وسعت دینے کےلئے پرعزم ہیں۔
پاکستان،انڈونیشیا میں متعدد معاہدے،تعاون بڑھانے پر اتفاق،تعلقات بلندیوں کو چھوئیں گے، وزیراعظم



















