صوبائی حکومت تعاون کرے ورنہ گورنر راج :فیصل کریم کنڈی کا انتباہ

پشاور (بیورو رپورٹ) گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے صوبے کے حالات جب خراب ہوجائیں تو پھر گورنر راج لگ سکتا ہے، صوبائی حکومت اگر ریاست کو سپورٹ کرتی ہے تو پھر تو ٹھیک ہے، ورنہ مجبوراً گورنر راج لگے گا،صحافیوں سے گفتگو کے دوران فیصل کریم کنڈی نے کہا کسی کو صوبہ یا اسلام آباد بند نہیں کرنے دیں گے، صوبائی حکومت کو وفاق کےساتھ تعاون کرنا چاہیے، پیپلز پارٹی نے کہا ہے سب سے پہلے ریاست اور پھر سیاست، افواج پاکستان نے ملک کےلئے قربانیاں دیں، گزشتہ روز پی ٹی آئی جلسے کا کیا مقصد تھا علم نہیں، اس بار پی ٹی آئی اسلام آباد میں احتجاج نہیں کرسکے گی، فیصلہ عدالتوں نے کرنا ہے، سٹرکوں پر کوئی فیصلے نہیں ہوتے، بلوچستان حکومت نے ہمیشہ وفاقی حکومت کو سپورٹ کیا ہے، جیل میں جانا کوئی بڑی بات نہیں، پاکستان کی ہر بڑی سیاسی شخصیت جیل گئی ہیں، پی ٹی آئی ریہرسل کرے پھر پتہ چلے گا کیسے یہ لوگ گورنر ہاوس آتے ہیں، پہلے بھی گورنر ہاوس کا تیل بند کرنے کی دھمکی دی تھی، اب پی ٹی آئی کی خود بولتی بند ہوگئی۔