وزیراعظم نے گوادر ، گلگت بلتستان میں بجلی منصوبوں کی منظوری دےدی

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) وزیراعظم شہباز شریف نے گوادر اور گلگت بلتستان میں بجلی کے منصوبوں کی منظوری دےدی،وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پاور سیکٹر میں جاری اصلاحات پر جائزہ اجلاس ہوا،اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف نے گوادر پورٹ سٹی میں بجلی کی فراہمی میں درپیش مسائل کو ختم کرنے کیلئے جامع منصوبہ پر فوری عملدرآمد کی منظوری دیتے ہوئے کہا گوادر پورٹ سٹی کو بلا تعطل، مناسب قیمت اور قابل بھروسہ بجلی کی فراہمی کے منصوبوں پر تمام متعلقہ ادارے ہم آہنگی سے کام کریں، 100 میگا واٹ سولر پراجیکٹ سے گلگت بلتستان میں ماحولیاتی اعتبار سے صاف بجلی کی بلا تعطل اور مستحکم فراہمی کو یقینی بنایا جائے، سولر پراجیکٹ پر فوری عمل درآمد شروع کیا جائے، گلگت بلتستان کے عوام کی فلاح و بہبود اور معاشی ترقی، وفاقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، گلگت میں صنعتی سرگرمیوں، سرمایہ کاری اور معاشی ترقی کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں،بجلی کے مسائل کو حل کرنے کیلئے احسن اقبال کی سربراہی میں بننے والی کمیٹی اور وزرات توانائی کی سفارشات اور اقدامات قابل تحسین ہیں، تیار کردہ جامع حکمت عملی میں شامل فوری، قلیل مدتی اور طویل مدتی پراجیکٹس پر وزارت توانائی موثر عملدرآمد کو یقینی بنائیں،شہباز شریف نے کہا گوادر میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی، ملکی معاشی سرگرمیوں اور سرمایہ کاری میں ترقی کو یقینی طور پر بڑھانے کا سبب بنے گی، صنعتوں اور سرمایہ کاروں کیلئے پاکستان میں قائم کردہ صنعتوں کیلئے بجلی کی فراہمی کو علاقائی اور بین الاقوامی معیار کے مطابق کیا جائے، بجلی کی بلا تعطل فراہمی اور دیگر سہولیات سے گوادر کی بندرگاہ دنیا کی بہترین بندرگاہ اور مستقبل میں معاشی سرگرمیوں کا مرکز بن جائے گی،ادھر وزیر اعظم شہباز شریف سے امریکہ میں مقیم پاکستانی نژاد ڈاکٹرز کے وفد نے ملاقات کی،امریکہ میں مقیم پاکستانی ڈاکٹرز نے وزیر اعظم کی قیادت میں پاکستان کے صحت کے شعبے کی ترقی پر وزیر اعظم کو خراج تحسین پیش کیا اور پاکستان میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا،اس موقع پر وزیر اعظم نے اقتصادی امور ڈویژن کو پاکستان کے شعبہ طب میں امریکہ میں مقیم پاکستانی فزیشنز کی جانب سے سرمایہ کاری کے حوالے سے مسائل کے سد باب کی ہدایت کی اور ڈاکٹرز کے وفد کے ساتھ مل کر پاکستان کے شعبہ صحت میں سرمایہ کاری کا ایک قابل عمل روڈ میپ بنا کر پیش کرنے کے احکامات جاری کئے،وزیراعظم سے ملاقات کرنے والے وفد کی قیادت ڈاکٹر سمیر شفیع نے کی جبکہ ڈاکٹر جواد شاہ، ڈاکٹر تجمل حسین، ڈاکٹر نعمان حیدر اور معروف سماجی شخصیت رانا زاہد امیر وفد کا حصہ تھے۔