کے پی میں حکومتی کارکردگی صفر ،صوبہ آثار قدیمہ بن گیا،مریم نواز

گوجرانوالہ،لاہور :(بیورورپورٹ،سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازنے کہاہے جھوٹ کی شیلف لائف ہوتی ، ہری پور نے فیصلہ ن لیگ کے حق میں سنا دیا، شیر کے حق میں فیصلہ آنے کی وجہ نا اہلی کی داستان ہے۔

گوجرانوالہ ماس ٹرانزٹ سسٹم کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نوازنے کہا شہبازشریف نے پنجاب میں عوامی خدمت و ترقی کی تاریخ رقم کی،قیادت ، محنت کو لوگوںنے ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھا،نواز،شہبازکی خدمت کے ورثے کو لےکر آگے بڑھ رہی ہوں، لاہور پہلی پھر راولپنڈی اور ملتان میں میٹرو بنی ،شہبازشریف کے کام کو جاری رکھتے ہوئے رواں سال 2میٹروپراجیکٹ بنیں گے،چند دنوں میں فیصل آباد میٹرو منصوبے کا بھی آغاز ہوگا ،نوازشریف کے ویژن سے سیکھ کر ترقیاتی منصوبے شروع کئے،پنجاب کے ہر ترقیاتی منصوبے پر نواز،شہبازکی مہر ثبت ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا لاہور میں پی آئی سی ، چلڈرن ہسپتال، پی کے ایل آئی، میٹرو ، اورنج ٹرین و دیگر منصوبوں پر نواز،شہبازکا نام نظر آتا ہے،پی ایف ڈی اے کا وزٹ کیاتو کھنڈر بنا ہواتھااب مکمل کرلیا ، چند روز میں وزیراعظم کو افتتاح کی دعوت دیںگے،ملکی معیشت ڈیفالٹ کے خطرے سے نکل کر مستحکم ہو رہی ہے،ڈیفالٹ کی خواہش کرنے والوں کو منہ کی کھانا پڑی،4سال پنجاب ،ملک میں غدر مچا کر تباہ کرگئے،موازنہ نواز، شہبازکے کام کا ہوتا ہے میں بھی ا ب اس لائن میں ہوں مگر چوتھا نام نہیں ملتا،ایٹم بم سے موٹروےز ، بنیان مرصوص سے محافظ حرمین شریفین ، اندھیروں سے روشنی تک ہر جگہ ن لیگ ہی نظر آتی ہے،ڈی جی خان ، میانوالی، گجرات کے لوگ اعلیٰ ترین عہدوں پر فائز رہے لیکن اپنے شہر کے مسائل حل نہ کرسکے،ڈی جی خان ، میانوالی میں ترقی کی نشانیاں ڈھونڈنی پڑتی تھیں،پوراگجرات بارش کے پانی میں ڈوب جاتاتھا،میانوالی میں سڑکیں، اوور ہیڈ بریج، گرین بس پراجیکٹ شروع کیا،گجرات میں 30ارب کی لاگت سے پورے شہر کا سیوریج سسٹم بنا رہے ہیں،12 سال کے پی کے پر ایک ہی پارٹی نے بلا شرکت غیر حکومت کی،کارکردگی صفر ،صوبہ آثار قدیمہ نظر آتا ہے۔

مریم نواز نے کہا23 نومبر کو خیبر پختونخوا کے عوام نے جھوٹ کی سیاست کو خیر آباد کہہ کر( ن) لیگ کو ووٹ دیا،صوبے کا وزیراعلیٰ سرکاری مشینری کے ساتھ وفاق پرحملہ آور ہوتا رہا،وزیراعلیٰ خیبر پختونخواا ڈیالہ جیل کے باہر بیٹھنے کی بجائے عوام کی خدمت پر توجہ دیں،اڈیالہ جیل کے باہر بیٹھنے کا نہیں بلکہ عوامی خدمت کا مینڈیٹ ملا ،وزیراعلیٰ کے پی اڈیالہ کی بجائے ہسپتالو ں، سکولوں کے سا منے جا کر بیٹھیں،میں وزیراعظم اورعوام کے سامنے اپنی عوامی خدمت کی رپورٹ کارڈ پیش کرتی ہوں۔

وزیراعلیٰ نے کہا8 ماہ میں ایک لاکھ 20ہزار سے زائدگھر بن رہے ہیں،180 ارب کی لاگت سے شروع ہونےوالے ستھرا پنجاب کو فوربز نے دنیا کا سب سے بڑا ویسٹ مینجمنٹ پراجیکٹ قرار دیا،پنجاب کے ہر گلی ، ہر کوچے میں ستھرا پنجاب کے ہیروز 50 ہزار کوڑا اکٹھا کررہے ہیں،ہر ضلع میں ستھرا پنجاب کی اپنی مشینری ہے کہیں سے منگوانی نہیں پڑتی، 38اضلاع میں پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت 400ارب کی لاگت سے سیوریج ،سینی ٹیشن سسٹم لا رہے ہیں،ایک سال بعد پنجاب کے کسی ضلع میں 2،2 ،3،3فٹ پانی جمع نہیںہوگا،مریم نوازنے کہا200ارب کی لاگت سے 2600 ماڈ ل ویلج بنائیںگے،لاہور میں6ہزار گلیاں بن چکیں، 10ہزار مزید بن رہی ہیں، شہباز شریف جو سڑکیں بنا کر گئے پھر دوبارہ نہیں بنیں بس ٹوٹ پھوٹ ہوتی رہی،2سال میں 30ہزار کلو میٹر تک طویل سڑکیں تعمیر کر لیںگے ،پہلے 2 ،4شہروں میں واسا تھا اب سب بڑے شہروں میں ہے، 30ارب کی مشینری دے چکے ،ثقافتی ورثے کی حفاظت کےلئے ہیرٹیج کوریڈور بنا رہے ہیں،تجاوزات ہٹائیں تو نیلا گنبد کی خوبصورت و تاریخی عمارت سامنے آئی،15لاکھ لوگوں کو راشن کارڈ دے رہے ہیں، 5لاکھ کارڈ دے چکے ،80 ہزار سکالرشپ اور ایک لاکھ لیپ ٹاپ دئیے۔

وزیراعلیٰ نے کہا49 ہزار سکولو ںمیں چند ماہ تک ہر سہولت ،ضرورت کی فراہمی یقینی بنا رہے ہیں،38اضلاع میں سینٹر آف ایکسی لینس بنا رہے ہیں،پہلی مرتبہ سرکاری سکولوں میں داخلے کےلئے قطاریں لگیں، 3، 3ماہ کی ویٹنگ لسٹ ہے ،سینٹر آف ایکسی لینس کا معیار ایچی سن سے کم نہیں،صوبے بھر میں سائنس و ٹیکنالوجی کے فروغ کےلئے 6ہزار سکول لیب بنا رہے ہیں،پورے پاکستان کےلئے ہزار بیڈ پر مشتمل نوازشریف کینسر ہسپتال جلد فنکشنل ہوگا،فیلڈ ہسپتالوں ،کلینک آن ویل کے ذریعے 2 کروڑ لوگوں کا علاج کرچکے ،لاکھوں لوگو ںکو کارڈیالوجی کینسر ، انسولین کا سٹاک دہلیز پر مل رہا ہے، رنگ روڈ پر نوازشریف میڈیکل سٹی بنا رہے ہیں ان امراض کا علاج ہوگا جو پاکستان میں ممکن نہیں تھا۔

مریم نواز نے کہا سرگودھا، ساہیوال ، مری میں انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی شروع ہوچکے ،تاریخ کا سب سے بڑا سیلاب آیا، سب سے بڑا ریسکیو ، ریلیف و بحالی آپریشن کیا،چند ماہ میں سروے مکمل کر کے ہر شخص تک امدادی چیک پہنچا ئے،ساڑھے 7 لاکھ کسانوں کو 100ارب کے قرضے دئےے، 30ہزار ٹریکٹر دے رہے ہیں،کسی صوبے نے نہیں کیا لیکن پنجاب نے گندم کی بوائی کا ٹارگٹ مکمل کر لیا،85ہزار سپیشل لوگوں کو ہمت کارڈ ،75ہزار اقلیتی بھائیوں کو منیارٹی کارڈ دے رہے ہیں،پورا پنجاب سیف سٹی ، پولیس کے پہنچنے سے پہلے ڈرون کرائم سین تک پہنچ جاتا ہے، پنجاب میں جرائم 80فیصد کم ، کئی اضلاع میں کئی ،کئی دن ایک بھی جرم رپورٹ نہیں ہوتا،مخالفین کی خواتین بھی پنجاب کو محفوظ قرار د یتی ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا منشیات فروشی کے خلاف منظم آپریشن ہورہاہے کچھ وقت میں پنجاب ڈرگ فری ہوجائے گا،24 گھنٹے میں قبضہ کیس کا فیصلہ سنا تے ہیں، ہزاروں لوگوں کو اپنی جائیدادیں واپس مل چکیں،سپیشل ایجوکیشن سنٹر آف ایکسی لینس بنا رہے ہیں، 30ہزار سپیشل بچوں کا علاج کیا گیا،ہر سال لاہور میں سموگ کے ڈیرے ہوتے تھے ، دکانیں ، مارکیٹیں بند، ہسپتال میں لائنیں لگ جاتی تھیںاب پنجاب میں سموگ کی وجہ سے کوئی مارکیٹ یا سکول بند نہیں کرنے پڑتے ،کھربوں ر وپے کے پراجیکٹ کرچکے ایک پیسے کی کرپشن نہیں ،نواز،شہبازکی روایات پر چل رہے ہیں، کوئی سفارش نہیں،کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز ، آرپی اوز او رڈی پی اوز کو معیار پر پورا اترنا پڑتاہے۔

مریم نوازنے کہا پنجاب میں اب کنٹریکٹ روایتی نہیں بلکہ ای ٹینڈرنگ پر ہو رہے ہیں،گوجرانوالہ میں ایمن آباد سے گکھڑ تک 31کلو میٹر طویل ماس ٹرانزٹ کوریڈور بن رہاہے،15سگنل فری کوریڈور ، 4انڈر پاس بنائیںگے، 63ارب سے 12ماہ میں گوجرانوالہ ماس ٹرانزٹ پراجیکٹ مکمل کریںگے،گرین بس پر تمام شہرو ںمیں ایک ہفتے میں رائیڈر شپ کے تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے،گوجرانوالہ کے لوگو ںکو لاہور ،راولپنڈی سے بہتر میٹروبس دے رہے ہیں، آنے والے دنوں میں پورے صوبے میں ترقیاتی منصوبوں کے مزید جال بچھائیں جائیں گے،عوام کا معیار زندگی بلند ہو گا۔