پاکستان ،امریکہ کاغیر قانونی امیگریشن کی روک تھام، سکیورٹی تعاون بڑھانے پر اتفاق


اسلام آباد: (بیورورپورٹ)پاکستان ،امریکہ نے غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام، انسداد منشیات و سکیورٹی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کرلیا ۔

وزیر داخلہ محسن نقوی سے قائم مقام امریکی سفیر نیٹلی بیکر نے ملاقات کی ،غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام کےلئے مشترکہ اقدامات پر بھی غور کیا گیا، دونوں جانب سے عزم کا اظہار کیا گیا منشیات کی روک تھام، معلومات کے تبادلے، مربوط حکمت عملی کےساتھ تعاون کو مزید مستحکم کیا جائے گا،امریکی سفیر نے انسداد منشیات اور غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام کےلئے ہرممکن تکنیکی معاونت فراہم کرنے کی پیشکش کردی ۔

محسن نقوی نے کہا غیر قانونی امیگریشن پرپاکستان کی پالیسی واضح ، حکومت مسئلے کے حل کےلئے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے، ائیرپورٹس پر منشیات کیسز کی نشاندہی ترجیح ہے، ملک کے تمام ایئرپورٹس پر جدید ترین سکیننگ مشینیں نصب کی جا رہی ہیں تاکہ کسی بھی سطح پر غفلت یا کمزوری باقی نہ رہے، حکومت انسداد منشیات کےلئے زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل پیرا ہے۔

وزیر داخلہ نے کہا افغانستان سے منشیات درجنوں ممالک میں پہنچ کر نوجوان نسل کو شدید نقصان پہنچا رہی ہے، انسداد منشیات کےلئے امریکہ کی پیشکش کردہ ٹیکنیکل سپورٹ کا خیر مقدم کیا جائے گا، وزیراعظم کی ہدایت کے تحت نیشنل نارکوٹکس کوآرڈی نیشن سینٹر جلد قائم کیا جائے گا تاکہ تمام اداروں کے درمیان مربوط تعاون ممکن ہو سکے۔

امریکی سفیر نیٹلی بیکر نے اے این ایف کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا امریکہ پاکستان کےساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے،ہر شعبے میں تعاون جاری رکھا جائےگا۔