پیرا فورس کی کارکردگی ،شفافیت بڑھانے کےلئے باڈی کیم لگانے کا حکم


لاہور (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ مریم نوازکی زیر صدارت پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹر اتھارٹی پر خصوصی اجلاس ہوا،پیرا فورس کی کارکردگی، نگرانی ، اصلاحات پر مکمل بریفنگ لی گئی اور نئے فیصلے بھی کیے گئے۔

اجلاس میں بتایا گیا پیرا فورس میں رشوت، بدسلوکی اور الزام کی کوئی گنجائش نہیں،ہر کارروائی اب کیمرے میں ریکارڈ کی جائے گی۔

مریم نواز نے پیرا فورس کی کارکردگی اور شفافیت بڑھانے کےلئے جلد از جلد باڈی کیم لگانے کا حکم دےدیا، پیرا فورس کی کارکردگی مزید بہتر بنانے کےلئے خصوصی ٹریننگ سیشنز بھی شروع ہوں گے۔

وزیراعلیٰ نے خصوصی طورپر پیرا فورس کے اہلکاروں کو اپنے پیغام میں کہا قانون ہر حال میں نافذ ہو مگرعوام کےساتھ رویہ ہمیشہ درست ،دوستانہ اور باعزت ہو،ہر شہری کےلئے تیز، محفوظ اور ماحول دوست خدمت کےلئے پیرا فورس کےلئے الیکٹرک وہیکلز خریدے جائیں۔

مریم نواز نے سٹیٹ دی آرٹ پیرا ٹریننگ سنٹر قائم کرنے کی اصولی منظوری دیتے ہوئے کہا پیرا اچھا کام کررہی ہے، عوام میں نیک نامی کمانے کےلئے نتائج پر توجہ دی جائے، قانون ضرور نافذ کیا جائے مگر عوام کےساتھ رویہ درست ہونا چاہیے۔