پتنگ بازی ایکٹ کی خلاف ورزی پر5سال تک قیدہوگی،عظمیٰ بخاری


لاہور:( سٹاف رپورٹر) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے 25 سال بعد بسنت کی خوشیاں واپس آرہی ہیں مگر اب خوشی مکمل طور پر محفوظ، قانون کے دائرے و سخت مانیٹرنگ کےساتھ ہوگی،بسنت اب خطرہ نہیں بلکہ محفوظ ثقافتی تہوار ،کسی کو بھی قانون شکنی کی اجازت نہیں دی جائےگی۔

عظمیٰ بخاری نے کہا خونی و کیمیکل ڈور کا دھندہ ہمیشہ کےلئے ختم کر دیا،18 سال سے کم عمر بچے پتنگ نہیں اڑا سکیں گے ،دھات یا کیمیکل کوٹڈ ڈور کے استعمال یا فروخت پر 3 سے 5 سال قید ، 20 لاکھ تک جرمانہ ہوگا،بچوں کی جانب سے پتنگ بازی ایکٹ کی خلاف ورزی پر پہلی بار 50 ہزار ،دوسری مرتبہ ایک لاکھ روپے جرمانہ ہوگا۔

وزیر اطلاعات نے کہاڈور بنانے و فروخت کرنے والوں کےلئے رجسٹریشن لازمی قرار دےدی اب ہر رول پر QR کوڈ کے ذریعے شناخت ہوگی،موٹر سائیکل سواروں کےلئے بھی حفاظتی اقدامات مزید سخت کر دئیے گئے، نئے ٹریفک قوانین کا مقصد سزا دینا نہیں بلکہ ہر شہری کی جان، گھر اور خاندان کی حفاظت ہے، قانون کا احترام نہ کرنے والوں پر جرمانے ہوں گے، بار بار خلاف ورزی کی صورت میں گاڑی نیلام بھی ہوسکے گی۔

عظمیٰ بخاری نے کہا وزیر اعلیٰ مریم نوازنے کم عمر بچوں کو ہتھکڑی لگانے پر مکمل پابندی لگا دی اب کم عمر بچوں کا صرف چالان ہوگا، گرفتاری نہیں کی جائےگی،پنجاب میں کم عمر بائیک سواروں کےلئے لیگل کور مہیا کرنے کےلئے قانون سازی بھی کی جا رہی ہے،احتیاط ، قوانین کی پابندی کریں ،اپنی اور دوسروں کی زندگیوں کو محفوظ بنائیں۔