بنوں،3 دہشتگرد جہنم واصل،کوئٹہ،ریلوے ٹر یک دھماکے سے تباہ


بنوں،کوئٹہ:(بیورورپورٹ)بنوں میں پولیس ،مقامی قبیلے کا مشترکہ آپریشن ،3 دہشتگرد ہلاک ،متعدد زخمی ہوگئے،فائرنگ کاتبادلہ کافی دیر تک جاری رہا،آپریشن کے بعد پولیس نے علاقے کا مکمل کنٹرول سنبھال لیا۔

ڈی آئی جی بنوں سجاد خان نے کہا آپریشن کے دوران ہاتھی خیل قوم کے بہادر شہریوں نے بھرپور ساتھ دیا، علاقے کا امن ہر صورت بحال رکھا جائے گا، سکیورٹی ہائی الرٹ ہے ،دہشتگردوں کےخلاف گھیرا مزید سخت کر دیا ،مکمل خاتمہ یقینی بنایا جائےگا۔

ادھر کوئٹہ کے علاقے سریاب میں دہشتگردوں نے ریلوے لائن کو دھماکے سے اڑا دیا، کوئٹہ آنے و جانے والی ٹرینوں کی آمد و رفت روک دی گئی ،پولیس ،بم ڈسپوزل سکواڈ نے علاقے کو گھیرے میں لےکر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔

علاوہ ازیں کوئٹہ میں بڑا دہشتگرد حملہ ناکام بنا دیا گیا،قمبرانی روڈ کے علاقے لنک شاہوانی کراس کے قریب پولیس ناکے کے پاس پہلے کریکر دھماکہ ہوا ،جائے وقوعہ پر پہنچنے والی بم ڈسپوزل سکواڈ کی گاڑی کو نشانہ بنانے کےلئے سڑک کنارے کھڑی موٹر سائیکل میں نصب بارودی مواد میں دوسرا دھماکہ ہوگیا۔

دونوں دھماکوں میں خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا،بی ڈی ایس کی گاڑی کو جزوی نقصان پہنچا ،سوار تمام اہلکار محفوظ رہے،ابتدائی تحقیقات کے مطابق دونوں دھماکے ریموٹ کنٹرول کے ذریعے کیے گئے ،ہدف پولیس اہلکاروں کو نقصان پہنچانا تھا لیکن دہشت گرد مذموم عزائم میں ناکام رہے۔