لاہور: (سٹاف رپورٹر)”جس کی ملکیت....اسی کا قبضہ“،پنجاب میں زمین ہتھیانے والے غاصبوں کا اندھا راج ختم کردیاگیا۔
پنجاب حکومت نے 2دن میں زمینوں پر نا جائز قبضے کے1005 کیس نمٹا کر حیران کن تاریخی ریکارڈ بنا دیا، برسوں سے عدالتی چکر کاٹنے والے ایک ہزار5خاندانوں کو 48گھنٹوں میں زمین کی ملکیت کا حق واپس مل گیا،وزیراعلیٰ لائیو ڈیش بورڈ پر خود مانیٹر کررہی ہیں۔
مریم نواز کی سربراہی میں پراپرٹی آرڈیننس کے موثر نفاذ پر اہم اجلاس میں تفصیلی بریفنگ ،2دن میں 1005 کیسز نمٹانے کے نئے ریکاڑ کی رپورٹ پیش کی گئی،وزیر اعلیٰ نے نئے پراپرٹی آرڈیننس کے موثر نفاذ کا باریک بینی سے جائزہ لیا، پنجاب میں خواتین کے زمینی کیسز ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے،مریم نواز کے حکم پر زمین کے کیس کا جیسے فیصلہ ہوگافوری قبضہ بھی ہوگا کوئی تاخیر، سفارش، کوتاہی نہیںہو گی۔
مریم نوازنے کہا زمین کا اصل مالک جب تک قبضہ نہ لے فیصلہ ادھورا ہے،کاغذ پر نہیں، قبضہ زمین پر حقیقی طور پر نظر آنا چاہیے،پنجاب کے ہر مرلے، ہر کنال، ہر ایکڑ پر صرف اور صرف اصل مالک کا ہی قبضہ ہوگا ،زمین یا پراپرٹی پر کسی نے ناجائز قبضہ کر رکھا ہے تو متعلقہ ڈپٹی کمشنر آفس میں درخواست دیں،دنوں میں فیصلہ ہوگا۔
دریں اثنا پنجاب حکومت نے شہریوں کے سفر کو باعزت و پرسکون بنانے کےلئے 1362 بس شیلٹرز بنانے کا فیصلہ کرلیا،19 اضلاع میں 1362 جدید پائیدار و خوبصورت بس شیلٹرز بنائے جائیں گے،وزیر اعلیٰ کی زیرصدارت اجلاس میں بس شیلٹرز کے قیام کی ڈیڈ لائن طے ،شیلٹرز کا ڈیزائن بھی منتخب کیاگیا، پر سکون و باعزت سفر کی جلد ازجلدسہولت کےلئے بس شیلٹرز 45 سے 60 دنوں میں مکمل ہوں گے۔
مریم نواز نے تمام بس شیلٹرزمقررہ ایام میں مکمل کرنے کا ٹارگٹ دیتے ہوئے کہا بزرگ، ماﺅں و دیگر شہریوں کا دھوپ یا سخت سردی میں انتظار کرنا برداشت نہیں،پہلی بار پنجاب کے اضلاع پبلک ٹرانسپورٹ کے انقلابی فیز میں ہے، خوبصورت و جدید بس شیلٹرز سہولت کےساتھ شہروں کے حسن میں بھی اضافہ کریں گے۔
علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازنے عالمی یوم یکجہتی فلسطین کے موقع پر اپنے پیغام میںکہاحکومت ،عوام پختہ عزم و یکجہتی کےساتھ فلسطینی عوام کے شانہ بشانہ ، فلسطینی عوام دہائیوں سے حق خودارادیت کےلئے جدوجہد کررہے ہیں، فلسطینیوں کی ہمت وغیرمتزلزل حوصلے نے تاریخ میں نیا باب رقم کیا،پاکستان فلسطینی عوام کے حق خودارادیت کی سفارتی، اخلاقی و سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔
مریم نواز نے کہا امن معاہدے میں پاکستان نے مثبت و تعمیری کردار ادا کیا،فلسطینی شہریوں کو خوراک، علاج، صاف پانی، رہائش و سلامتی جیسے بنیادی انسانی حقوق تک بھی رسائی حاصل نہیں،عالمی برادری بین الاقوامی قانون کے مطابق ذمہ داریاں پوری کرے، فلسطینی عوام کےلئے پائیدار امن و انصاف یقینی بنانے کےلئے فوری عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔
غاصبوں کا اندھا راج ختم،1005خاندانوں کو زمین کی ملکیت کا حق واپس



















