خلیج تعاون کونسل کےساتھ آزاد تجارتی معاہدے پرجلد دستخط ہوں گے،وزیراعظم

منامہ: (مشرق نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان ،بحرین کے مضبوط تعلقات کو معاشی تعاون میں تبدیل کرنے کے عزم کا اظہار اور بحرین کی کاروباری برادری کومختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا پاکستان معاشی اصلاحات و نجی شعبے کی قیادت میں ترقی کے نئے دور میں داخل ہو رہا ہے،خلیج تعاون کونسل کےساتھ آزاد تجارتی معاہدے پرجلد دستخط ہوں گے،زراعت ،آئی ٹی ،معدنیات، توانائی اور دوسرے شعبوں میں سرمایہ کاری کے نئے دروازے کھلے ہیں، سرمایہ کاری، مشترکہ منصوبوں اور کاروباری تعاون کےلئے ہر ممکن سہولت فراہم کریں گے،پاکستان کے پاس افرادی قوت ،وسائل، ابھرتی منڈی،سٹرٹیجک محل وقوع ،نوجوانوں کی بڑی طاقت ہے،ان خیالات کااظہار انہوں نے کاروباری برادری کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

شہبازشریف نے کہا پاکستان ،خلیج تعاون کونسل کے درمیان آزاد تجارت کا معاہدہ حتمی مراحل میں ہے، معاہدہ تجارتی تعلقات کو نئی بلندیوں تک پہنچائے گا،انتہائی گرمجوشی سے خوش آمدید کہنے پر بحرین کی حکومت ،عوام کا شکر گزار ہوں ، بھائیوں خاص طور پر شاہ بحرین ،ولی عہد و وزیراعظم کی مہمان نوازی سے مستفید ہوئے ،شانداراستقبال ہمیشہ یاد رہے گا ،بحرین آکر اپنے گھر جیسا محسوس ہوا،دونوں بردار ممالک میںکئی دہائیوں پر محیط تعلقات ثقافتی ،مذہبی، باہمی احترام ،اعتماد پر مبنی ہیں۔

وزیراعظم نے کہا شاہ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ اور ولی عہد و وزیراعظم سے کہا پاکستان برادر ملک کےساتھ زراعت، آئی ٹی، اے آئی، فن ٹیک و دیگر تمام شعبوں سمیت اقتصادی تعاون کو فروغ دینے کےلئے تیار ہے،شعبوں میں اپنی کوششوں، علم ،تجربے و ایک دوسرے کےساتھ تعاون کے عزم کے ذریعے ہم آہنگی پیدا کر سکتے ہیں،دورے کا مقصد اقتصادی شعبوں میں نئی پیشرفت لانا ہے، شاہ بحرین اور ولی عہد و وزیراعظم کا پاکستان کےساتھ غیرمتزلزل وابستگی پر انتہائی شکر گزار ہوں،ملاقاتوں کا ماحول بالکل ایک خاندان کے مل بیٹھنے جیسا تھا ،ملاقاتیں انتہائی با مقصد ، نتیجہ خیز رہیں،پاکستان میں آبادی کی اکثریت نوجوانوں پر مشتمل ، آئی ٹی ،اے آئی ،فنی و پیشہ ورانہ مہارت اور دیگر شعبوں میں تربیت دےکر چیلنج کو موقع میں بدلیں گے ،بحرینی کاروباری بھائیوں کےساتھ ملکر شعبوں میں زبردست قوت بنیں گے۔

شہبازشریف نے کہا یہی وقت ہے موقع سے فائدہ اٹھایا جائے کیونکہ وقت،لہر کسی کا انتظار نہیں کرتی،دیکھ کر دلی خوشی ہوئی بحرین میں متحرک پاکستانی کمیونٹی ایک لاکھ سے زائد کی تعداد میں موجوداورباعث فخر ہے، پاکستانی شناخت کسی جغرافیہ کی پابند نہیں، عظیم پاکستانیوں کو بحرین اور پاکستان دونوں کےلئے خدمات پر سلام پیش کرتا ہوں، بحرین میں مقیم پاکستانیوں کی محنت و کوششوں سے کمائی ہوئی رقم قیمتی ترسیلات زر کی شکل میں گزشتہ مالی سال کے دوران 48 کروڑ 40 لاکھ ڈالر تک رہناانتہائی قابل قدر ہے۔

وزیراعظم نے کہاپاکستانی بھائیوں ،بہنوں سے گزارش کروں گا نہ صرف پاکستان بلکہ بحرین کے بھی عظیم سفیر بنیں کیونکہ پاکستان ،بحرین یک جان دو قالب ،دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں، یقین ہے آپ اپنی زبردست خدمات سے بحرینی بھائیوں ،بہنوں کو خود پر فخر کرنے پر مجبور کر دیں گے،شاہ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ کی بصیرت افروز، متحرک و دانشمندانہ قیادت و بحرین کے ولی عہد ،وزیراعظم کی عظیم قیادت ،رہنمائی میں بحرین معاشی ترقی، مالیاتی جدت ،انسانی مرکزیت پر مبنی ترقی کی مشعل کے طور پر ابھرا،پاکستان بحرین کی ترقی کے ماڈل سے بہت متاثر ہے۔

شہبازشریف نے کہابحرین کی مالیاتی مہارت ،کاروباری بصیرت ،عالمی نقطہ نظر کا اشتراک ہو جائے تو پاکستانی منڈیاں وسیع امکانات کی حامل ہیں،سرخ فیتے کی رکاوٹوں کو ہمیشہ کےلئے ختم کر دیا ، بحرین کے کاروباری اداروں کے سرمایہ کار پاکستان آئیں ،آپ کے عظیم تجربے و مہارت سے سیکھیں گے۔

بحرین کے وزیر خزانہ شیخ سلمان بن خلیفہ الخلیفہ نے کہا وزیراعظم شہباز شریف کی موجودگی تعلقات کی تجدید ہے،نسل در نسل پاکستانی شہریوں نے بحرین کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا ،بہت سے پاکستانی مملکت بحرین کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں،بحرین کا جدید نظام پاکستانی بنکوں ،جدت کاروں کےلئے علاقائی وعالمی سطح پر بہترین پلیٹ فارم مہیا کرتا ہے،پاکستان کو مشترکہ معاشی مستقبل کے حامل شراکت دار کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔

دوسری جانب وزیرداخلہ محسن نقوی نے بحرین کے ہم منصب جنرل شیخ راشد بن عبداللہ آل خلیفہ سے ملاقات کی ،دوطرفہ تعلقات، علاقائی سلامتی و باہمی دلچسپی کے امور پرتفصیلی تبادلہ خیال،انسداد منشیات شعبے میں قریبی تعاون، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعداد کار بڑھانے اور معلومات کے تبادلے کو مزید موثر بنانے پر اتفاق کیاگیا،محسن نقوی نے بحرینی ہم منصب کی گرمجوش میزبانی پر دلی شکریہ ادا کیا اور پاکستان کےساتھ سکیورٹی و استحکام کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کو سراہا۔

وزیر داخلہ نے کہا پاکستان ،بحرین کے درمیان برادرانہ تعلقات باہمی اعتماد ،احترام کی مضبوط بنیادوں پر قائم ہیں، اداروں کے درمیان قریبی رابطہ خطے میں امن و سلامتی کےلئے ناگزیر ہے،ملاقات میں عوام کے باہمی مفاد و محفوظ مستقبل کےلئے شراکت داری مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔