اسلام آباد: (بیورورپورٹ)جسٹس محسن اختر کیانی نے کیس کی سماعت کے دوران ریمارکس دیئے جس ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) کو عدالت نے سزا دی اسے صدر میڈل پہناتا ہے اب تو آپ لوگوں نے آئینی عدالت بنا لی لیکن پھر بھی کام نہیں ہو رہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں پٹوار سرکلز میں پرائیویٹ اشخاص کے سرکاری کام کرنے کےخلاف کیس پر سماعت ہوئی،عدالت نے ضلعی انتظامیہ کو دوبارہ درست اشتہار جاری کرنے کا حکم دےدیا۔
عدالتی حکم کے مطابق آسامیوں کا درست اشتہار جاری نہ ہونے پر جسٹس محسن اختر کیانی نے اظہار برہمی کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کیا ہر کام توہین عدالت کے بعد ہی کرنا ہے؟ ڈی سی کو جس عدالت نے سزادی اسے صدر میڈل پہناتا ہے میں جب توہین عدالت کا نوٹس کروں گا تو جسٹس بابر ستار کی طرح وقت دینے کی بجائے ہتھکڑی لگا کر جیل بھیج دوں گا، میڈل ویڈل یہیں رہیں گے اب تو آپ لوگوں نے آئینی عدالت بنا لی پھر بھی کام نہیں ہو رہے،سب کچھ تو آپ لوگوں کےلئے ہو رہا ہر چیز پر ججمنٹ ہے، قسم کھائی ہے نہ ماننے کی، بدنیتی نہ کریں،لوکل پوسٹ ہیں کیسے سارے صوبوں سے لائیں گے، عدالت کے مختلف فیصلے ہیں، پورے پاکستان میں کوٹہ ایک ہی ہے۔
جج اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہا بے ایمان لوگوں کا سسٹم چل نہیں سکتا یہ بھی بے ایمانی ہے اس لئے حکومت لوکل باڈیز کے الیکشن نہیں کراتی، ہر بے ایمانی و غلط ٹولز رکھے ہیں استعمال کرنے کےلئے، شکر کریں آپ کو گولی نہیں ماری صرف دھمکی دی جب تک شاملات کی زمین کی تقسیم نہیں ہوتی ہاو¿سنگ سوسائٹی کا کام نہیں ہو گا، کام روکنے سے جن کے پلاٹ ہیں وہ روئیں گے آپ کو اور مجھے بد دعا دیں گے۔
جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا پنجاب یا سندھ میں اسلام آباد والوں کو لگائیں، راولپنڈی میں چکوال کا پٹواری ،جہلم میں راولپنڈی کا پٹواری نہیں لگاتے، اسلام آباد میں پتہ نہیں آپ کو کیا ہو جاتا ہے،آئندہ سماعت پر دوبارہ اشتہار درست کر کے جاری کریں، کیس کی سماعت اگلے ماہ تک ملتوی کردی گئی۔
صدر سزایافتہ افسر کو میڈل پہناتا، آئینی عدالت بنا لی پھر بھی کام نہیں ہو رہے، جسٹس کیانی



















