فیصل آباد ،اسلام آباد،لاہور:(بیورورپورٹ،خبر نگار)کیمیکل فیکٹری میں بوائلر پھٹنے سے دھماکہ،متعدد گھروں کی چھتیں زمین بوس،بچوں سمیت 20افراد جاں بحق،کئی زخمی ہوگئے۔
فیصل آباد کے علاقے ملک پور کی کیمیکل فیکٹری میں اچانک بوائلر پھٹنے سے فیکٹری میں آگ بھڑک اٹھی، فیکٹری ،آس پاس کے گھروں کی چھتیں گر گئیں،اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیموں نے فوری موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کیں،20افراد کی لاشوں اور کئی زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا،مرنے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں،متعدد کی حالت نازک ہونے کے باعث ہلاکتیں بڑھنے کاخدشہ ہے۔
کمشنر فیصل آباد نے کہا ابتدائی تفتیش کے مطابق دھماکہ گیس پائپ لائن پھٹنے کے نتیجے میں ہوا، ملک پور میں 4 فیکٹریاں ایک ساتھ منسلک ہو کر کام کر رہی تھیں، زیادہ جانی نقصان فیکٹری سے جڑے گھروں کے رہائشیوں کا ہوا،واقعہ کی تحقیقات کےلئے 5 رکن کمیٹی قائم کردی۔
دریں اثنا فیکٹری مالک اور منیجر سمیت 7 افراد کےخلاف مقدمہ درج کر لیا گیا،ایف آئی آر میں دہشتگردی، قتل، اقدام قتل سمیت دیگر دفعات شامل ہیں، منیجر بلال کو گرفتار کر لیا گیا۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس اور سوگوار خاندانوں سے ہمدردی و تعزیت کرتے ہوئے کمشنر فیصل آباد سے سانحہ کی رپورٹ طلب کر لی،وزیر داخلہ محسن نقوی ،چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو ودیگر سیاسی رہنماﺅں نے کہامتاثرین کے غم میں برابر شریک ہیں، حادثے کی فوری تحقیقات اور آئندہ روک تھام کیلئے موثر اقدامات کئے جائیں۔
فیصل آباد،کیمیکل فیکٹری میں بوائلر پھٹنے سے دھماکہ،20افراد جاں بحق،متعدد زخمی



















