عالمی سطح پر مودی پھر رسوا،غرورخاک،دبئی ائیر شو میں بھارتی جنگی طیارہ گرکر تباہ، پائلٹ ہلاک


دبئی،اسلام آباد:(مشرق نیوز،بیورورپورٹ)عالمی سطح پر مودی حکومت پھر رسوا،غرور، دفاعی تیاری خاک،دبئی ائیر شو میںبھارتی جنگی طیارہ گرکر تباہ، پائلٹ ہلاک ہوگیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق دبئی ائیر شومیں مختلف ممالک نے طیارے و دیگر آلات پیش کیے ،بھارتی طیارہ کرتب دکھاتے ہوئے تیزی سے زمین کی جانب آیا اور رن وے کے قریب زمین سے جا ٹکرایا پھر شعلے بلند ہوتے دیکھے گئے،طیارے کو حادثہ ائیرشو کے آخری روز پیش آیا۔

ابتدائی رپورٹ میں بتایا گیا طیارہ تکنیکی خرابی کے باعث گر ا،حادثہ مقامی وقت کے مطابق 2 بج کر 10 منٹ پر پیش آیا،ریسکیو ٹیموں نے علاقے کو گھیرے میں لیکر تحقیقات کاآغاز کردیا،بھارتی لڑاکا طیارے گرنے سے شرکا میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

بھارتی ائیر فورس نے مقامی طور پر تیار ہونےوالے لڑاکا طیارہ تیجس گرنے اور پائلٹ کے ہلاک ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہا بھارتی فضائیہ قیمتی جان کے نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کرتی اور مشکل گھڑی میں سوگوار خاندان کےساتھ کھڑی ہے، حادثے کی وجوہات جاننے کےلئے کورٹ آف انکوائری تشکیل دےدی۔

علاوہ ازیں بھارتیوں نے اپنی فضائیہ کو آڑے ہاتھوں لے لیا اور ائیر چیف کے استعفے کا مطالبہ کر دیا،انوشی تیواری نامی بھارتی صارف نے ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا حادثہ پوری دنیا کے سامنے بھارت کےلئے بڑی توہین ہے،ائیر فورس کے سربراہ کو فوری عہدے سے ہٹا دینا چاہیے۔

ایک اور صارف تیجسوی پراکاش نے سوال اٹھایا اگر طیارے بنیادی ایروبیٹک سٹنٹ نہیں کر سکتے تو بڑا سوال پیدا ہوتا ہے، کیا پائلٹس کو طیاروں پر مناسب تربیت دی جا رہی ہے؟،ملکی ائیر چیف ڈسپلن، تربیت ،تکنیکی تیاری پر بات کرنے کی بجائے زیادہ تر ڈانس کلپس میں نظر آئے تو صاف ظاہر قیادت کے اعلیٰ سطح پر کچھ نہ کچھ غلط ہو رہا ہے۔

ادھر رپورٹ کے مطابق دبئی ایئر شو میں تیجس کے گر کر تباہ ہونے سے بھارت کے خود ساختہ ”آتم نربھرتا“ کے دعوے عالمی سطح پر زمین بوس ہوگئے،کئی دہائیوں سے بڑھا چڑھا کر پیش کیے گئے دعوے، سیاسی نمائش ،میڈیا کے ذریعے بنائے گئے تاثر چند سیکنڈ میں طیارے کےساتھ ساتھ زمین پر آگرے۔

83 ارب ڈالر کے دفاعی بجٹ کو جس تبدیلی کا ذریعہ قرار دیا جاتا تھا وہ آخرکار رن وے پر بکھرے ملبے کی صورت میں نظر آیا، حادثہ صرف طیارے کا نہیں بلکہ بھارتی مسلح افواج ،نظام میں موجود گہرے زوال و پستی کو پوری دنیا کے سامنے لے آیا۔

دریں اثنا دبئی ائیر شو میں تیجس کی تباہی نے بھارتی دفاعی سازوسامان میں کرپشن بے نقاب کردی ،بھارتی ائیر چیف اے پی سنگھ نے کچھ عرصہ قبل ہی دفاعی معاہدوں میں بدعنوانی ،نااہلی کا پردہ چاک کیا۔

دوسری جانب ائیر مارشل ریٹائرڈ عاصم سلیمان نے کہاتیجس، جے ایف تھنڈرکا کوئی مقابلہ نہیں، جے ایف17 جنگ میں آزمایا جا چکا،پاکستان نے فتح سمیٹی،تباہ ہونےوالے بھارتی طیارے کی کچھ دن پہلے تیل لیکج کی ویڈیو ،ٹیکنیکل مسائل سامنے آئے، جہاز تکنیکی طور پر پوری طرح تیار نہیں ہوتا تو آپ اڑاتے نہیں۔

معروف تجزیہ کار احمد حسن نے کہاحادثہ دنیا میں شرمندگی کا باعث ،بھارتی حکومت نے ائیر فورس کوپروفیشنلزم سے ہٹا کر سیاسی و ہندو توا بنایااب خمیازہ بھگت رہے ہیں۔

ماہرین نے کہا لڑاکا طیارے تیجس کی تباہی نے بھارتی دفاعی ساز و سامان کی صلاحیتوں پر سوالات اٹھا دئیے ، تیجس کی پرواز سے قبل کی تصویروں میں لیکیج ،ساختی کمزوری واضح تھی،طیارے کی تیاری کے دوران پیداواری ،مینوفیکچرنگ کوالٹی پر سوالات اٹھائے گئے،بدلتی سپیسفکیشنز، ٹیکنالوجی گیپ اور غیر واضح ڈیزائن نے تیجس کے ترقیاتی پروگرام کو روکے رکھا،تیاری کے دوران پینل مس الائنمنٹ، لیکیج ،وائبریشن جیسے مسائل بارہا رپورٹ ہوئے۔