راحت جان رسول حضرت سیدہ زہراءبتولؓ کے آداب کا معاملہ بڑا حساس ہے:منیب الرحمن

لاہور (اپنے نمائندے سے) لاہور بحریہ ٹاون میں اہل سنت و جماعت کے اکابر مفتیان کرام کا اجلاس منعقد ہوا جس میں مفتی اعظم پاکستان مفتی منیب الرحمن ہزاروی، مفتی اعظم بلوچستان مفتی حبیب احمد نقشبندی، مفتی اعظم سندھ مفتی ابراہیم قادری، ڈاکٹر اشرف آصف جلالی، مفتی صدیق ہزاروی سمیت کثیر تعداد میں مفتیان کرام نے شرکت کی۔ اس منفرد نوعیت کے نہایت علمی اور فکری اجلاس کے محرک و میزبان پیر سید مظفر حسین شاہ مہتمم جامعہ علی بن ابی طالبؓ کراچی، پیر سید ظفر اقبال شاہ سجادہ نشین آستانہ عالیہ علی پور سیداں شریف اور علامہ عبد الرشید اویسی مہتمم جامعہ اویسیہ گجرات تھے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مفتی اعظم پاکستان مفتی منیب الرحمن نے حکومت اور حکومتی اداروں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر اشرف آصف جلالی اہل سنت کی نمائندہ شخصیت ہیں۔ ملک بھر میں ان کی تبلیغی سرگرمیوں میں کسی طرح کی کوئی رکاوٹ نہ ڈالی جائے ورنہ اسے اہل سنت کے خلاف اقدام تصورکیا جائے گا۔ اللہ تعالیٰ کے فضل و احسان سے ڈاکٹر اشرف آصف جلالی کے حوالے سے ایک شرعی مسئلہ ملک کے اکابر مفتیان کرام کی تصدیق و تائید سے اہل سنت کے مسلمات کے مطابق شرعی طور پر حل ہو گیا ہے، اب اس باب کو ہمیشہ کیلئے بند کر دیا جائے، اب کسی کو شک و شبہ کی کوئی گنجائش نہیں ہونی چاہیے کیونکہ یہ فیصلہ ان مفتیان کرام نے کیا جو ہزاروں علماءکے استاد ہیں۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر اشرف آصف جلالی نے کہاکہ راحت جان رسول حضرت سیدہ زہراءبتولؓ کے آداب کا معاملہ بڑا حساس ہے۔ آپ محفوظہ عن الخطا اور سیدة نساءالعالمین ہیں۔ حضرت سیدنا صدیق اکبر امام عادل، خلیفہ بلا فصل اور مسئلہ فدک میں حق پر اور مصیب ہیں۔ آج کے اجلاس میں ملک بھر سے اہل سنت کے آفتاب و ماہتاب رونق افروز ہیں۔ یہ تمام خلوص اور للہیت سے اہل سنت کے عظیم تر مفاد کیلئے تشریف فرما ہوئے۔ اللہ تعالیٰ سب کو جزائے خیر عطا فرمائے۔ اجلاس کا اعلامیہ اور شرکاءکے اسماءکی لسٹ کو اس لنک پر مشاہدہ کیا جا سکتا ہے۔ اجلاس میں صاحبزادہ محمد عبد المصطفیٰ ہزاروی مہتمم جامعہ نظامیہ رضویہ لاہور، مفتی سید زین العابدین شاہ مفتی جامعہ نعیمیہ لاہور، صاحبزادہ ریحان امجد نعمانی مہتمم دار العلوم امجدیہ کراچی، مفتی سعید قمر سیالوی شیخ الحدیث جامعہ قادریہ رضویہ فیصل آؓباد، مفتی الیاس رضوی مہتمم و شیخ الحدیث جامعہ نضرة العلوم کراچی، ڈاکٹر میاں صغیر احمد مجددی سجادہ نشین آستانہ عالیہ کوٹلہ شریف، مفتی میاں تنویر احمد کوٹلوی زیب سجادہ آستانہ عالیہ کوٹلہ شریف، مفتی محمد لطف اللہ نوری شیخ الحدیث و مہتمم جامعہ بدر العلوم نور القرآن بصیر پور، مفتی احسان اللہ نقشبندی شیخ الحدیث جامعہ مدینة العلوم گوجرانوالہ، مفتی ندیم اقبال نائب رئیس دار الافتاءدار العلوم امجدیہ کراچی، مفتی محمد زاہد جلالی نعمانی شیخ الحدیث مرکز صراط مستقیم و دیگر نے شرکت کی۔