وزیراعظم آزاد کشمیر کو فون،مبارکباد، بھرپور تعاون کرینگے،شہبازشریف

اسلام آباد،کراچی: (بیورورپورٹ) وزیراعظم شہبازشریف نے وزیراعظم آزاد کشمیر کو بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرادی۔

شہبازشریف نے فیصل ممتاز راٹھور سے ٹیلیفونک رابطہ کرکے آزاد جموں و کشمیرکا وزیراعظم منتخب ہونے پر دلی مبارکباد دی ، نیک خواہشات کا اظہارکیا،شہباز شریف نے وفاق کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا آزاد کشمیر کے عوام کی ترقی اور خوشحالی وفاقی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، خطے میں پائیدار ترقی کو یقینی بنانے کیلئے آزاد کشمیر کے عوام کی فلاح و بہبود کےلئے بھرپور تعاون کریں گے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بھی نومنتخب وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

مراد علی شاہ نے کہا فیصل ممتاز راٹھور کا وزیراعظم منتخب ہونا پیپلز پارٹی اور جیالوں کی بڑی کامیابی ہے، پیپلز پارٹی کی قیادت میں کشمیری عوام کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل ہوں گے، وزیراعظم آزاد کشمیر نے وزیراعلیٰ سندھ کا شکریہ ادا کیا ، مراد علی شاہ نے کراچی میں مقیم کشمیری بھائیوں کے مسائل ترجیحی بنیاد پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی، دونوں رہنماوں نے باہمی تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔