ساہیوال (بےورورپورٹ)کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹرآصف طفیل کا کھیلوں کے فروغ کیلئے بڑا فیصلہ ،سپورٹس فنڈ سے مختلف کھیلوں کے رجسٹرڈ کلبوں اور کھلاڑیوں کو کھیلوں کا سامان فراہم کرنے کی ہدایت، انہوں نے کہا کہ تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز رجسٹرڈ کلبوں کی حوصلہ افزائی کریں اور کھیلوں کے فروغ کیلئے مخیر حضرات کی خدمات بھی حاصل کی جائیں،کمشنر نے مزید کہا کہ ہم نصابی سرگرمیاں اور کھیلیں بچوں کی شخصیت سازی میں انتہائی اہم ہیں،کمشنرآفس میں رجسٹرڈ کلبوں کو سامان کی فراہمی کیلئے خصوصی اجلاس کا انعقادکیا گیا جس میں ایکٹو کلبوں کو سہولیات فراہم کرنے پر تفصیلی غورکیا گیا-اجلاس کی صدار ت کرتے ہوئے کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا کہ نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں میں شریک کرنا معاشرے میں رواداری کے فروغ کیلئے ضروری ہے،دسمبر میں ایتھلیٹکس کے انٹر کلب مقابلے منعقد کرائے جائیں-انہوں نے مزید کہا کہ گراس روٹ لیول پر کھیلوں کا فروغ انتہائی ضروری ہے۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر اوکاڑا احمد عثمان جاوید، ڈپٹی کمشنر پاک پتن آصف رضا ،ڈائریکٹر ڈیویلپمنٹ شفیق احمد ڈوگر اور ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ شاہد فاروق وڑائچ،ڈویژنل سپورٹس آفیسرچوہدری نثار الحق، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسرز اور لوکل باڈیز کے ایڈمنسٹریٹرز بھی اجلاس میں شریک ہوئے -ڈویژنل سپورٹس آفس چوہدری نثار الحق نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ڈویژن میں کھیلوں کے رجسٹرڈ کلبوں کی تعداد 329 ہیں جن میںضلع ساہیوال میں 148،اوکاڑا میں 177 اور پاکپتن میں 124 کلب رجسٹرڈ ہیں۔ دوسری طرف کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے ساہیوال ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ڈیوٹی سے غیر حاضر ورکرز کیخلاف سخت کارروائی کی ہدایت کر دی۔ انہوں نے کہا ہے کہ حکومت شہروں اور دیہات کی صفائی پر اربوں روپے خرچ کر رہی ہے اسلئے سروس ڈیلوری میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جا سکتی۔ وہ یہاں اپنے دفتر میں ساہیوال ویسٹ مینجمنٹ کمپنی، میونسپل کارپوریشن، لوکل گورنمنٹ اور کنٹریکٹرز کے نمائندوں کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ انہوں نے کارپوریشن کے غیر حاضر ملازمین کے خلاف پیڈا ایکٹ کے تحت کارروائی کرنے اور صفائی کی مانیٹرنگ مزید سخت کرنے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے کنٹریکٹرز پر زور دیا کہ وہ مقررہ تعداد میں سینٹی ورکرز کی فیلڈ میں موجودگی یقینی بنائیں تاکہ صفائی کا معیار برقرار رکھا جا سکے۔
کھیلوں کے فروغ کیلئے مخیر حضرات کی خدمات بھی حاصل کی جائیں: کمشنر ساہیوال



















