جذبہ ایمانی سب سے بڑی قوت ،جنگ مسلط کرنےوالوں کو مئی جیسا جواب ملے گا،فیلڈ مارشل


اسلام آباد:(بیورورپورٹ) فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے جنگ مسلط کرنےوالوں کو مئی جیسا جواب ملے گا۔

ایوان صدر میں اردن کے بادشاہ عبداللہ دوم کو اعلیٰ ترین سول اعزاز دینے کی تقریب ہوئی ،ظہرانہ بھی دیا گیا،وزیراعظم شہبازشریف،چیئرمین سینٹ، وفاقی وزرا ،آصفہ،بلاول بھٹو زرداری ، امریکی سفیر، برطانوی ہائی کمشنر و دیگر اہم شخصیات نے بھی شرکت کی،،تقریب میں سید عاصم منیر توجہ کا مرکز رہے، بھارتی جارحیت کے جواب میں تاریخی فتح پر فیلڈ مارشل کی بھرپور پذیرائی کی گئی۔

سید عاصم منیر نے غیررسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا مسلمان جب اللہ پر بھروسہ کرتا تو دشمن پرپھینکی مٹی بھی میزائل بن جاتی ہے، اللہ کے حکم کے مطابق اپنے فرائض کی انجام دہی کرتا ہوں،پاکستان امن پسند ملک ہے، بھارت کیخلاف جنگ میں اللہ نے سربلند کیا ،کامیابی جذبہ ایمانی کی وجہ سے ملی،جنگ مسلط کرنےوالوں کو اسی طرح جواب دینگے جیسے مئی میں دیا تھا،اللہ کاخاص کرم ہے پاکستان نے اپنے دشمن کو دھول چٹائی ،فوج اللہ کی فوج ہے، سپاہی اللہ کے نام پر لڑتے ہیں۔

فیلڈ مارشل نے قرآنی آیات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا اللہ کی مدد شامل ہو تب ہی فتح و کامیابی ممکن ہوتی ، مسلمانوں کا جذبہ ایمانی سب سے بڑی قوت ہے،دشمن کےخلاف تاریخی فتح پر شکر گزار ہیں۔