بیرونی مداخلت اب کوئی راز نہیں کھلی حقیقت ہے،جسٹس اطہرمن اللہ
اسلام آباد: (بیورورپورٹ) جسٹس اطہر من اللہ سمیت 38 قانونی ماہرین نے بھی 27 ویں ترمیم کے معاملے پر چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کو خط لکھ دیا۔
جج سپریم کورٹ نے خط میں لکھا سپریم کورٹ عوام نہیں اکثر طاقتور کےساتھ کھڑی رہی، ذوالفقار بھٹو کی عدالتی پھانسی عدلیہ کا ناقابل معافی جرم تھا، بے نظیر بھٹو، نواز شریف اور مریم نواز کے خلاف کارروائیاں بھی ایک ہی سلسلے کی کڑیاں ہیں، عمران خان کےساتھ ہونے والا سلوک اسی جبر کے تسلسل کا حصہ ہے،اسلام آباد ہائیکورٹ کو عوامی اعتماد حاصل کرنے پر نشانہ بنایا گیا، بہادر ججز کے خط ، اعتراف سپریم کورٹ کے ضمیر پر بوجھ ہیں، سچ جانتے ہیں مگر صرف چائے خانوں میں سرگوشیوں تک محدود ہیں۔
جسٹس اطہر من اللہ نے خط میں مزید لکھا بیرونی مداخلت اب کوئی راز نہیں کھلی حقیقت ہے ، سچ بولنے والا جج انتقام کا نشانہ بنتا ،جھکنے نہ والے کیخلاف احتساب کا ہتھیار استعمال ہوتا ہے۔
قبل ازیں سپریم کورٹ کے 38 سابق لا کلر کس نے چیف جسٹس کو خط لکھ کر فل کورٹ میٹنگ بلانے کا مطالبہ کر دیا،خط کے مطابق عدلیہ کو 2007 سے زیادہ خطرات لاحق ہیں، آپ کا ردعمل طے کرے گا آپ کا نام تاریخ میں کیسے یاد رکھا جاتا ہے،طے ہوگا آپ تاریخ میں سپریم کورٹ کا دفاع کرنےوالے چیف جسٹس کے طور پر جانے جاتے ہیں یا دفن کرنے والے کے طور پر۔



















