عوام میں تھیلیسیمیا کے بارے میں شعور اجاگر کرنا ضروری ہے: مقررین

ساہیوال (بیورو رپورٹ) بچوں میں تھیلیسیمیا ایک جان لیوا بیماری ہے جس سے بچنے کیلئے ضروری ہے کہ عوام میں اس بیماری بارے شعور اجاگر کیا جائے۔ تھلیسیمیا سے بچاوکیلئے شادی سے پہلے تھیلیسیمیا ٹیسٹ کروایا جائے اور کزن میرجز کی حوصلہ شکنی کی جانی چاہئے۔ پاکستان میں ہر سال 6 ہزار بچے اس خطرناک بیماری کے ساتھ پیدا ہو رہے ہیں جو دنیا میں سب سے زیادہ ہے۔ یہ بات تھیلسیمیا ڈے کے حوالے سے ساہیوال میڈیکل کالج میں منعقدہ ایک سیمینار میں مقررین کی طرف سے کہی گئی۔ سیمینار کے مہمان خصوصی کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل تھے جبکہ پرنسپل ساہیوال میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر اختر نے سیمینار کی صدارت کی۔ اس موقع پر ایم ایس ساہیوال ٹیچنگ ہسپتال ڈاکٹر ذوالفقار حیدر، ڈاکٹر یاسمین احسان، ڈاکٹر آمنہ عروج، ڈاکٹر سعیدہ بانو، ڈاکٹر عنبر نواز چوہدری، ڈاکٹر حافظ یاسین، تھیلیسیمیا سینٹر کے انچارج سہیل شکور اور ڈی پی ایس ساہیوال میں زیر تعلیم چوتھی کلاس کے طالب علم تھیلیسیمیا ایمبیسیڈر سالار سہیل کے علاوہ ڈاکٹرز، نرسز اور طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد شرکت تھی۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے ڈاکٹرز پر زور دیا کہ وہ عوام میں آگاہی فراہم کرنے پر خصوصی توجہ دیں تاکہ بچوں کو اس تکلیف دہ بیماری سے بچایا جا سکے۔ شرکاءنے کہا کہ معاشرے میں شادی سے پہلے تھلیسیمیا ٹیسٹ کروانے میں جھجک ختم ہونی چاہئے تاکہ پیدا ہونے والے بچوں کو اس بیماری سے بچایا جا سکے۔ پرنسپل ساہیوال میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر اختر نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بچوں کا مستقبل محفوظ بنانے کیلئے شادی سے پہلے سکریننگ ضرور کروائیں۔ اس مرض کے خلاف بروقت آگاہی اور احتیاط ہی بہترین علاج ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن اس عزم کی تجدید کا موقع ہے کہ ہم سب مل کر ایک ایسا معاشرہ تشکیل دیں جہاں کوئی بچہ تھیلیسیمیا جیسے مرض کا شکار نہ ہو اور ہر زندگی امید اور صحت کے رنگوں سے بھرپور ہو۔ بعد میں سیمینار کے شرکاءنے ایک تھلیسیمیا آگہی واک میں بھی شرکت کی۔