اسلام آباد (بیورو رپورٹ) اسلام آباد ہائیکورٹ نے وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات جلد کرانے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا، جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دئیے بلدیاتی نظام مفلوج ہوچکا، قانون کی مسلسل خلاف ورزی ہو رہی ہے،وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات جلد کرانے کےلئے دائر درخواست پر اسلام آباد ہائیکورٹ میں جسٹس محسن اختر کیانی نے دوران سماعت ریمارکس دئیے لوکل گورنمنٹ الیکشن نہ ہونے سے نظام کا بیڑا غرق ہوگیا، نہ کوئی پراپرٹی ٹیکس لگ سکتا ہے نہ کوئی کام سیدھا ہو رہا ہے، عدالتی فیصلوں کے باوجود بلدیاتی الیکشن نہیں کرائے جا رہے، حیرت تو یہ ہے جنہوں نے ایک دن میں الیکشن کرانے کا فیصلہ دیا وہی بعد میں ڈویژن بنچ میں بیٹھ کر معطل کر دیتے ہیں،عدالت نے اسسٹنٹ اٹارنی جنرل کو مخاطب کرتے ہوئے کہاآپ 2021 سے مسلسل قانون کی خلاف ورزی کر رہے ہیں، اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نے مو¿قف اپنایا بلدیاتی الیکشن سے متعلق قانون سازی کی وجہ سے الیکشن تاخیر کا شکار ہوئے،الیکشن کمیشن کے ڈی جی لاءارشد خان نے عدالت کو بتایا لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2025 میں کی گئی ترامیم میں پیچیدگیاں موجود ہیں، جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دئیے موجودہ پارلیمنٹ تو فی الحال 27 ویں آئینی ترمیم، پارلیمان آئین کی تشریح میں مصروف ہے لہٰذا اور کوئی ترمیم مشکل ہے،جسٹس محسن کیانی نے اسسٹنٹ اٹارنی جنرل سے مکالمہ کیا اے جی صاحب، ہر غلط کام کا دفاع نہیں کیا جا سکتا، پارلیمنٹ سپریم ہے وہ کسی بھی قانون کو تبدیل کر سکتی ہے،جسٹس محسن اختر کیانی نے استفسار کیا آپ بلدیاتی الیکشن کا شیڈول کب دے رہے ہیں؟ اگر الیکشن کمیشن شیڈول دے تو عدالت متوقع تاریخ دینے کو تیار ہے، فریقین کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے فیصلہ محفوظ کرلیا۔
بلدیاتی نظام مفلوج ہوچکا، قانون کی مسلسل خلاف ورزی ہورہی ہے:جسٹس محسن اخترکیانی



















