سپریم کورٹ میں مجوزہ آئینی ترمیم پر ججز اور وکلا میں دلچسپ مکالمہ

اسلام آباد،کراچی: (بیورورپورٹ)”عمارت تبدیل ہونے سے اختیارات کم نہیں ہوں گے“،سپریم کورٹ میں مجوزہ آئینی ترمیم پر ججز اور وکلا کے درمیان دلچسپ مکالمہ ہوا۔

سول سروس رولز کیس پر سماعت جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں آئینی بنچ نے کی،جسٹس امین الدین خان نے وکیل سے سوال کیا کیا کیس ختم ہو جائے گا؟وکیل فیصل صدیقی نے کہا میرے خیال سے شاید نہ ہو پائے،وکیل فیصل صدیقی نے نام لیے بغیر 27 ویں آئینی ترمیم کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا میری درخواست ہے کیس کا فیصلہ فوری کیا جائے، میں وفاقی شرعی عدالت کی بلڈنگ میں کیس پر دلائل دینا نہیں چاہتا، بلڈنگ ہی لے لینی تھی تو وفاقی شرعی عدالت کی کیوں؟ ساتھ والی عمارت لے لیتے،فیصل صدیقی کی بات پر آئینی بنچکے ججز مسکرا دئیے۔

جسٹس جمال مندوخیل نے مسکراتے ہوئے وکیل سے کہا رات آپ کے حق میں کچھ پیشرفت ہوئی ہے؟وکیل فیصل صدیقی نے کہا مجھے کوئی شبہ نہیں سپریم کورٹ کا کوئی کچھ نہیں بگاڑ سکتا،جسٹس جمال مندوخیل نے کہا تو پھر فکر کی کیا بات ہے؟جسٹس امین الدین خان نے کہا ہم تو آئین کے پابند ہیں،جسٹس جمال مندوخیل نے کہا عمارت تبدیل ہونے سے اختیارات کم نہیں ہوں گے،دریں اثنا سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں 27ویںآئینی ترمیم کےخلاف درخواست دائر کر دی گئی۔

بیرسٹر علی طاہر نے وفاقی حکومت، چیئرمین سینٹ، سپیکر قومی اسمبلی سمیت دیگر کو فریق بناتے ہوئے موقف اختیار کیامجوزہ آئینی ترمیم سپریم کورٹ اور ہائیکورٹ کے دائرہ اختیار کو محدود کرنے کی کوشش ہے، عدالتی نظر ثانی آئین کا بنیادی و ناقابل تنسیخ حصہ ہے،اعلیٰ عدلیہ کے اختیارات کو محدود کیا گیا تو سپریم کورٹ ،ہائیکورٹ آئینی معاملات سننے کے قابل نہیں رہیں گی۔