لاہور( سپیشل رپورٹر) بابا گورو نانک دیو جی کے 556ویں جنم دن کے موقع پر تقریباً 2100 بھارتی سکھ یاتری پاکستان پہنچ گئے۔ واہگہ بارڈر پر ان کا شاندار استقبال کیا گیا جہاں پردھان پاکستان سکھ گوردوارہ پر بندھک کمیٹی سردار رمیش سنگھ اروڑہ، چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ ڈاکٹر ساجد محمود چوہان اور ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز ناصر مشتاق نے مہمانوں کو گلدستے پیش کئے اور گرمجوشی سے خوش آمدید کہا۔ واہگہ بارڈر پر اکال تخت کے جتھہ دار کلدیپ سنگھ گرگاج نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ پاکستان میں ہمیشہ عزت و احترام سے نوازا جاتا ہے، پاکستان میں ہمارے گورو دوارے محفوظ اور اصل حالت میں موجود ہیں جس کیلئے وہ حکومت پاکستان، متروکہ وقف املاک بورڈ اور سکھ گوردوارہ پر بندھک کمیٹی کے شکرگزار ہیں۔ دہلی گوردوارہ مینجمنٹ کمیٹی کے جتھہ لیڈر رویندر سنگھ اور شرومنی گوردوارہ پر بندھک کمیٹی نے بھی پاکستان واہگہ بارڈر پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے ویزے جاری کرنے پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمارے گورو کی دھرتی ہے اور ہمیں اس سے بہت پیار ہے۔ پردھان پاکستان سکھ گوردوارہ پر بندھک کمیٹی و صوبائی وزیر اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ یاتریوں کا پرجوش استقبال دنیا کے سامنے پاکستان کا اقلیتوں کے احترام کا مثبت چہرہ پیش کرتا ہے۔ بھارت سے آئے سکھ یاتری پاکستان آمد پر خوشی کا اظہار کرتے ہیں اور واپسی پر حسین یادیں لئے روانہ ہوتے ہیں۔ ایڈیشنل سیکرٹری شرائن ناصر مشتاق نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ متروکہ وقف املاک بورڈ وزارت مذہبی امور کے زیر انتظام بھارتی مہمانوں کیلئے فول پروف سیکورٹی انتظامات کئے گئے ہیں۔ متروکہ وقف املاک بورڈ کی ٹیم ،ضلعی نمائندگان اور پاکستان سکھ گورو دوارہ پر بندھک کمیٹی کے ہمرا ہ بھارتی یاتریوں کی خدمت پر مامور ہیں۔مہما نو ں کو بہترین ٹرانسپور ٹ کیسا تھ دیگر سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ میڈیکل ڈیسک قائم کئے گئے ہیں جبکہ بسوں کے قافلوں کے ہمراہ ریسکیو 1122 اور میڈیکل ٹیمیں موجود رہیں گی۔ سکھ یاتریوں نے واہگہ بارڈر پر کرنسی تبدیل کروائیں، یاتریوں کو بسوں کی سیٹوں کے ٹکٹ فراہم کئے گئے اور متروکہ وقف املاک بورڈ کی ٹیموں نے کمپیوٹرائزڈ شناخت کارڈ فراہم کئے ، یاتریوں کو بہترین لنگر فراہم کیا گیا اور رہائش کیلئے کمرے الاٹ کیے گئے ، یاتریوں کیلئے خصوصی طور پر خوبصورت پنڈال سجائے گئے جن میں نئے آرام دہ صوفے اور آرام دہ ماحول فراہم کیا گیا۔ پردھان پاکستان سکھ گورو دواہ پر بندھ کمیٹی اور ممبران نے سکھ یاتریوں کیلئے کئے گئے انتظامات پر اظہار اطمینان کیا اور ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز ناصر مشتاق اور متروکہ وقف املاک بورڈ وزارت مذہبی امور کی خدمات کو سراہا۔ بابا گورو نانک جنم دن کی مرکزی تقریب 5 نومبر گورو دوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب میں منعقد ہوگی۔جس میں وفاقی و صوبائی وزرا مہمان خصوصی ہوں کے جبکہ مذہبی و اقلیتی رہنماو¿ شرکت کریں گے۔ بھارت سمیت دنیا بھر سے آئے سکھ یاتری اپنی مذہبی رسومات ادا کریں گے۔جبکہ بعد ازاں سکھ مذہبی رسومات کے مطابق پالکی کا خصوصی جلوس بھی نکالا جائے گا جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا اختتام پذیر ہو گا۔اس موقع پر سیکورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے ہیں۔
بابا گورو نانک دیو جی جنم دن تقریبات، 2100 بھارتی سکھ یاتریوں کی آمد



















