لاہور (سٹاف رپورٹر)لاہور ہوٹلز اینڈ ٹورازم ایسوسی ایشن کے وفد نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا اہم دورہ کیا جہاں وفد نے حال ہی میں منتخب ہونے والی نئی باڈی کو مبارکباد پیش کی اور نیک تمناوں کا اظہار کیا۔ ملاقات میں باہمی تعاون کو فروغ دینے اور لاہور میں سیاحت کے فروغ کیلئے مشترکہ اقدامات پر اتفاق کیا گیا۔ ایسوسی ایشن کے وفد کی قیادت چیئرمین آصف خان نے کی، جبکہ ان کے ہمراہ صدر گلریز خٹک، جنرل سیکرٹری منیر گیلانی اور دیگر عہدیداران شامل تھے۔ اس موقع پر لاہور ہوٹلز اینڈ ٹوررزم ایسوسی ایشن ریلوے سٹیشن زون کی نمائندگی صدر خالد معراج، سینئر نائب صدر ممتاز حسین بخاری، جنرل سیکرٹری حفیظ الرحمن اور چیئرمین میاں وہاج الدین ساجد نے کی۔ لاہور چیمبر آف کامرس کی جانب سے سینئر نائب صدر تنویر شیخ، وائس پریذیڈنٹ خرم لودھی اور دیگر معزز عہدیداران نے وفد کا پرتپاک استقبال کیا اور ہوٹلز اینڈ ٹوررزم ایسوسی ایشن کے ساتھ دیرینہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ ملاقات کے دوران سیاحت، مہمان نوازی، اور کاروباری سہولیات میں بہتری کے حوالے سے تفصیلی گفتگو ہوئی۔ فریقین نے اس بات پر زور دیا کہ لاہور جیسے تاریخی اور ثقافتی شہر میں ہوٹل انڈسٹری کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ چیمبر کے نمائندگان نے یقین دلایا کہ وہ حکومتی اداروں سے رابطہ کر کے سیاحت کے فروغ، ٹیکسوں میں نرمی اور کاروباری آسانیوں کیلئے اپنی سفارشات پیش کریں گے۔ لاہور ہوٹلز اینڈ ٹوررزم ایسوسی ایشن کے چیئرمین آصف خان نے کہا کہ لاہور چیمبر ہمیشہ تاجر برادری کی آواز رہا ہے، ہمیں امید ہے کہ نئی باڈی سیاحت اور ہوٹل انڈسٹری کے حقیقی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریگی۔ صدر گلریز خٹک نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہوٹل انڈسٹری لاکھوں افراد کے روزگار سے جڑی ہوئی ہے، اس شعبے کی مضبوطی سے ملکی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور کو خطے کا سیاحتی مرکز بنانے کیلئے نجی اور سرکاری اداروں کے اشتراک عمل کی اشد ضرورت ہے۔ چیمبر کے سینئر نائب صدر تنویر شیخ نے کہا کہ چیمبر اور ایسوسی ایشن ماضی میں بھی ایک دوسرے کے شانہ بشانہ رہے ہیں اور آئندہ بھی باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ چیمبر سیاحت کے فروغ کیلئے خصوصی ورکنگ گروپ تشکیل دینے پر غور کریگا۔ اختتام پر دونوں اداروں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ لاہور کی کاروباری برادری کے مفاد میں مشترکہ حکمتِ عملی اپنائیں گے، اور شہر کو بین الاقوامی سطح پر سیاحت و مہمان نوازی کے مرکز کے طور پر اجاگر کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔
لاہور ہوٹلز اینڈ ٹورازم ایسوسی ایشن کا لاہور چیمبر سے تعاون بڑھانے پر اتفاق



















