نئی دہلی ،اسلام آباد:(مشرق نیوز،بیورورپورٹ) بھارت کا جنگی جنون،متنازع علاقے سرکریک میں جنگی مشقوں کا اعلان کردیا۔
بھارت کی جانب سے پاکستانی سرحد کے قریب بڑی فوجی مشقوں کےلئے نوٹم جاری کردیاگیا، بری فوج، بحریہ و فضائیہ کی مشترکہ بڑی مشقیں30 اکتوبر سے 10 نومبر تک جاری رہیں گی۔
رپورٹ کے مطابق مشقوں کا پیمانہ و مقام غیر معمولی نوعیت کے حامل ہیں،20 ہزار سے زائد اہلکار، جدید ٹینک، توپیں، مسلح ہیلی کاپٹرز، ڈرون سسٹمز،رفال و سوخوئی30 طیارے حصہ لیں گے، بحریہ نے گجرات ساحل کے قریب فریگیٹس و ڈسٹرائرز بھی تعینات کردئیے۔
بھارت کی جانب سے سرکریک کے قریب بڑی مشترکہ جنگی مشقوں کے اعلان پر پاکستان نے سخت ردعمل دیتے ہوئے اپنی فضائی حدود کے بعض حصوں پر 28 اور 29 اکتوبر کےلئے عبوری پابندیاں عائد کر دیں۔
اسلام آباد نے بھارتی جنگی مشقوں کو ”اشتعال انگیز اقدام“ قرار دیتے ہوئے کہا سرکریک کے قریب بھارتی سرگرمیاں خطے کے امن کےلئے خطرہ ہیں،ذرائع وزارت دفاع کے مطابق پاکستانی بری، بحری و فضائی افواج کو ہائی الرٹ،ساحلی نگرانی میں اضافہ کر دیا ،پاکستان سول ایوی ایشن نے احتیاطی اقدامات کے تحت جنوبی و مرکزی فضائی حدود کے مخصوص حصوں میں پروازوں پر عارضی پابندی عائد کر دی تاکہ کسی بھی حادثاتی تصادم سے بچا جا سکے۔
بھارت کا جنگی مشقوں کا اعلان، اقدام امن کیلئے خطرہ ہے،پاکستان



















