بھارت افغان آبی گٹھ جوڑ کیخلاف پاکستان نے دفاعی منصوبہ بنا لیا
اسلام آباد: (بیورورپورٹ)بھارت افغان آبی گٹھ جوڑ کیخلاف پاکستان نے دفاعی منصوبہ بنا لیا۔
انڈیا ٹو ڈے کی رپورٹ کے مطابق طالبان رجیم دریائے کنڑ پر بھارتی حکومت کے تعاون سے ڈیم تعمیر کرکے پاکستان کو پانی کی فراہمی روکنا چاہتا ہے، اندازے کے مطابق بھارت افغان رجیم کو مالی و تکنیکی معاونت فراہم کرکے مختلف ڈیمز تعمیر کرا رہا ہے،تعمیر ہونے والے ڈیم نغلو، درونتہ، شاہتوت، شاہ واروس، گمبیری اور باغدرہ پاکستان کی آبی سلامتی کےلئے سنگین خطرہ ہوسکتے ہیں۔
پاکستانی حکام نے واضح کیا پانی ملکی سلامتی، زراعت و معیشت کی شہ رگ ،کسی بھی ملک کو بطور سیاسی یا عسکری دباو استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی،قومی سطح پر عوام و ریاستی ادارے متحد ہیں بھارت کی افغان سرزمین کے ذریعے پاکستان کے خلاف آبی مہم ناقابل قبول ہے،کسی بھی ملک نے آبی جارحیت کا مظاہرہ کیا تو ہر سطح پر سخت سفارتی و تکنیکی اقدامات کیے جائیں گے۔
قانونی و آبی ماہرین کے مطابق پاکستان نے ممکنہ آبی گٹھ جوڑ کے مقابلے میں جامع دفاعی حکمت عملی تیار کرنا شروع کر دی ،حکمت عملی کا مرکزی منصوبہ چترال ریور ڈائیورشن پراجیکٹ ہے جس کے ذریعے دریائے چترال کو افغانستان میں داخل ہونے سے پہلے ہی سوات بیسن کی طرف موڑنے کی تجویز دےدی گئی،منصوبے سے نہ صرف دشمن کی آبی جارحیت ناکام بنے گی بلکہ پاکستان کو 2,453 میگاواٹ تک صاف و قابل تجدید توانائی حاصل ہو گی۔



















