تجارت سے زیادہ عام شہری کی جان بچانا اہم،افغان سرحدی راہداریاں بندرہیں گی، پاکستان
اسلام آباد:(بیورورپورٹ)پاکستان نے کہا ہے تجارت سے زیادہ عام شہری کی جان بچانا اہم ،سلامتی صورتحال کے باعث افغان سرحدی راہداریاں بندرہیں گی،دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور ہفتے کو استنبول میں ہوگا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے کہادوحہ مذاکرات میںدستاویز پر اتفاق رائے اور دستخط کے بعد جنگ بندی میں توسیع کی گئی، افغان طالبان حکومت معاہدہ کہے یا نہ کوئی فرق نہیں پڑتا،مذاکرات کا دوسرا دور استنبول میں ہوگا، دوسرے مرحلے کامقصد بھی وہی تمام پہلو ہیں جو پہلے دور میں رکھے گئے،افغان سرزمین سے ہونے والی دہشتگردی پر بات ہوگی، دریائے کنڑ پر عالمی قوانین کی پاسداری کریں گے۔
طاہر اندرابی نے کہا افغان طالبان پاکستان کے خدشات دور اور عالمی برادری کےساتھ کیے گئے وعدے پورے کریں، بھارت کا افغانستان میں سفارتخانہ کھولنا 2ممالک کااندرونی معاملہ ہے، 2ممالک کے اندرونی معاملات پرتبصرہ نہیں کرتے تاہم بھارت کا افغانستان میں کردارزیادہ مثبت نہیں رہا،اسرائیل تمام عالمی قوانین کی بھرپورخلاف ورزیاں کررہاہے، معاملے کواجاگرکرتے رہیں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا خلاف ورزیوں کی وجہ بننے والے اسرائیلی واقعات پرنظرہے، فلسطینی ریاست کے قیام روڈ میپ پر قائم ،فلسطین کاز کےلئے اپنی بھرپور حمایت کا اعادہ کرتے ہیں،عالمی عدالت نے اسرائیل کو امدادی سرگرمیوں میں رکاوٹیں نہ کھڑی کرنے کاپابند کردیا، جنوری 2024سے اب تک اسرائیل کیخلاف عالمی عدالت انصاف کاچوتھافیصلہ ہے، اوآئی سی ،متعدد مسلم ممالک نے فیصلے کی روشنی میں مشترکہ اعلامیہ جاری کیا، مشترکہ اعلامیے میں مقبوضہ فلسطین کے حصوں کوضم کرنے کی شدید مذمت کی گئی۔
طاہر اندرابی نے کہا پولینڈ کے وزیر خارجہ 2روزہ دورے پر پاکستان آئے، دونوں ممالک نے دوطرفہ تعلقات سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ،مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے،نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے رواں ہفتے 3 اہم رابطے ہوئے،پاکستان دہشتگردی کےخلاف ٹھوس و قابل تصدیق میکنزم کے قیام کی حمایت کرتا ہے۔
دوسری جانب دونوں ممالک میں تجارت ،ہر طرح کی آمد و ر فت بدستور معطل،صرف غیر قانونی افغان شہریوں کی واپسی جاری ہے،تجارت معطل ہونے سے تاجروں کو شدید نقصان پہنچا ،پھل ،سبزیوں کی قیمتیں بڑھ گئیں۔
ٹماٹر کی قیمت نے تمام ریکارڈ توڑ دئیے ،نرخ قیمت 300سے 600روپے کلو تک جاپہنچے،کابل میں پاک افغان چیمبر آف کامرس کے سربراہ خان جان الوکوزئی نے کہاکشیدگی کے بعد سے تمام تجارتی و ٹرانزٹ سرگرمیاں بند ہیں،ہر گزرتے دن کے ساتھ دونوں جانب تقریباً ایک ملین ڈالر کا نقصان ہو رہا ہے۔



















