اسرائیلی پارلیمنٹ کا فیصلہ احمقانہ،مقبوضہ مغربی کنارے کا الحاق نہیں ہوگا:امریکہ


تل ابیب،انقرہ:(مشرق نیوز)امریکی نائب صدر نے مقبوضہ مغربی کنارے کو ضم کرنے کے اسرائیلی پارلیمنٹ کے فیصلے کو احمقانہ قرار دےدیا۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے جے ڈی وینس نے کہا اسرائیلی پارلیمنٹ کابے معنی علامتی ووٹ کا کوئی عملی اثر نہیں اگر سیاسی حربہ تھا تو بہت ہی بےوقوفانہ اور ذاتی طور پر غزہ امن معاہدے کی توہین ہے،ٹرمپ انتظامیہ کی پالیسی ہے مغربی کنارہ اسرائیل میں ضم نہیں کیا جائےگا اور موقف برقرار رہے گا ،اسرائیلی پارلیمنٹ علامتی ووٹ دینا چاہتی ہے تو دےدے ،اقدام سے بالکل خوش نہیں ۔

دریں اثنا امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا غزہ میں جنگ بندی معاہدے کے تحت قائم کی جانے والی بین الاقوامی سکیورٹی فورس ان ممالک پر مشتمل ہوگی جن کےساتھ اسرائیل خود کو محفوظ محسوس کرے،حماس سے یرغمالیوں کی باقیات واپس لینے پر کام جاری ہے،حماس کسی صورت غزہ کی آئندہ حکومت کا حصہ نہیں ہو سکتی،مقبوضہ مغربی کنارے کا الحاق نہیں ہونے جا رہا ،اسرائیلی پارلیمنٹ میں ہونےوالی ووٹنگ امن عمل کےلئے خطرہ بن سکتی ہے۔

دوسری جانب ترکیہ کے صدر طیب اردوان نے کہا امریکہ و دیگر ممالک غزہ جنگ بندی معاہدے کی پاسداری کیلئے اسرائیل پر دباو ڈالیں،ترکیہ اپنے تحت معاہدے کو برقرار رکھنے کےلئے پوری کوشش کررہا ہے ،غزہ ٹاسک فورس کی ہر طرح سے مدد کےلئے تیار ہیں۔