اسلام آباد (مشرق نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اقتصادی راہداری کے دوسرے مرحلے میں داخل ہو رہا ہے، علاقائی روابط میں اضافے سے معاشی اورتجارتی شعبے میں انقلاب آئیگا۔ ریجنل ٹرانسپورٹ منسٹرزکانفرنس کی اختتامی نشست سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ حکومت اورعوام کی جانب سے شریک مندوبین کو خوش آمدید کہتے ہیں، ریجنل ٹرانسپورٹ منسٹرز کانفرنس نے بات چیت کا اہم موقع فراہم کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ کانفرنس دوطرفہ اورعلاقائی روابط کے فروغ کیلئے اہم ہے، عالمی سطح پر ٹرانسپورٹ اورروابط کے نظام میں تبدیلیاں رونما ہورہی ہیں، ہمارا خطہ موجودہ بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو تک روابط کا محور رہا ہے، معیشت کی بڑھتی اہمیت نے اس قدیم گزرگاہ کی اہمیت میں مزید اضافہ کردیا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ گوادرکی طویل ساحلی پٹی اورکراچی کی بندرگاہ میری ٹائم سلک روڈ میں شامل ہیں، پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کے دوسرے مرحلے میں داخل ہورہا ہے، کاروباری روابط، سرمایہ کاری اور مشترکہ خوشحالی پر توجہ مرکوز ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ٹرانس افغان ریلوے، اسلام آباد، تہران، استنبول ریلوے کوریڈور پر کام کررہے ہیں، علاقائی روابط میں اضافے سے معاشی اورتجارتی شعبے میں انقلاب آئیگا، بڑے منصوبے خطے کی اقتصادی صلاحیتوں کو یکجا کریں گے، تجارت، معیشت اورتوانائی میں تعاون سے نئے دور کا آغاز ہوگا۔
وزیراعظم نے کہا کہ ڈیجیٹل دور میں روابط صرف سڑک، ریل یا فضائی راستوں تک محدود نہیں، آج کا دور ڈیٹا اور تکنیکی انضمام سے وابستہ ہے، پاکستان ڈیجیٹل انفراسٹرکچرکے شعبے میں سرمایہ کاری کررہا ہے، نوجوان نسل کو جدید دورکے تقاضوں کے مطابق تربیت کی فراہمی ترجیح ہے۔
علاقائی روابط میں اضافے سے معاشی اورتجارتی انقلاب آئیگا: وزیراعظم



















