افغان ٹرانزٹ ٹریڈ مرحلہ وار بحال، 300 گاڑیوں کی کلیئرنس
کراچی:(بیورورپورٹ)افغان ٹرانزٹ ٹریڈ مرحلہ وار بحال، 300 گاڑیوں کی کلیئرنس ،پاکستان نے افغان طالبان حکومت کےساتھ دوحہ میں طے پانے والے ”فوری جنگ بندی“ معاہدے کے تناظر میں افغان ٹرانزٹ ٹریڈ 10روز کی معطلی کے بعد مرحلہ وار بنیادوں پر بحال کردیا ، 10روز قبل تقریباً 300 سے زائد گاڑیاں مختلف مقامات پر پھنس گئی تھیں۔
ابتدائی طور پر چمن کے راستے ٹرانزٹ ٹریڈ آپریشن بحال کیا گیا ، حکم نامے کے مطابق کارگو آپریشن کو 3 مراحل میں مکمل کیا جائےگا،تمام معمول کے ٹرانزٹ ٹریڈ آپریشن ”فرسٹ ان، فرسٹ آوٹ“ (فی فو) کی بنیاد پر بیک لاگ کے کلیئر ہونے کے بعد بحال ہونگے، پہلے مرحلے میں 9 گاڑیوں کو کلیئر کیا جائےگا جو فرینڈ شپ گیٹ پر سرحد بند ہونے کے باعث واپس بھیجی گئی تھیں، گاڑیوں کا دوبارہ وزن اور سکینگ کی جائےگی اور کسی بھی قسم کی تضاد کی صورت میں 100فیصد جانچ پڑتال کی جائے گی۔
دوسرے مرحلے میں 74 گاڑیوں کو پراسیس کیا جائےگا،تیسرے مرحلے میں ہالٹنگ یارڈ میں موجود 217 گاڑیوں کو کلیئر کرکے سرحد پار بھیجنے کی اجازت دی جائے گی،حکم نامے کے مطابق تمام واپس آنے والی یا روکی گئی گاڑیوں کی نقل و حرکت کی تصاویر فرینڈ شپ گیٹ پر حاصل کرکے ریکارڈ میں محفوظ کی جائیں تاکہ شفافیت اور دستاویزی ریکارڈ کو یقینی بنایا جاسکے،رانزٹ ٹریڈ کی بحالی سے تاجروں، ٹرانسپورٹرز اور کارگو آپریٹرز کو ریلیف ملنے کی توقع ہے۔



















