صنعتوں ،کسانوں کیلئے” روشن معیشت پیکیج“ ،3سال کیلئے بجلی سستی

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)صنعتوں ،کسانوں کیلئے ”روشن معیشت پیکیج “،وزیراعظم نے 3سال تک رعایتی بجلی فراہم کرنے کااعلان کر دیا۔

صنعتی و زرعی شعبے کے ماہرین وکاروباری برادری کے وفد سے ملاقات میں وزیراعظم شہبازشریف نے کہا”روشن معیشت بجلی پیکیج “کے تحت صنعتوں ،کسانوں کو 3برس تک رعایتی نرخوں پر اضافی بجلی فراہم کی جائےگی،3 برس تک پورا سال صنعتی و زرعی شعبے کو اضافی بجلی22.98روپے یونٹ میں فراہم کریں گے،صنعتوں ،کسانوں کو نومبر 2025 سے اکتوبر 2028 تک رعایتی قیمت پراضافی بجلی ملے گی،صنعتی 34 ،زرعی شعبے کو 38 روپے پر ملنے والے یونٹس کی قیمت کم کرکے اضافی یونٹس فراہم کیے جائیں گے ،” روشن معیشت بجلی پیکیج کے تحت فراہم کی جانےوالی بجلی کا بوجھ گھریلو صارفین یا کوئی دوسرا شعبہ نہیں اٹھائے گا۔

شہبازشریف نے کہاگزشتہ برس سردیوں میں دئیے جانےوالے پیکیج کے تحت صنعتی و زرعی شعبے نے 410 گیگاواٹ اضافی بجلی کا استعمال کیا،صنعتوں کا پہیہ چلا، برآمدات میں اضافہ ،روزگار کے مواقع پیدا ہوئے، صنعت و زراعت کے شعبے ترقی کرینگے تو قرضوں سے نجات ملے گی۔

وزیراعظم نے وزیر توانائی سردار اویس لغاری ،ٹیم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہاصنعت و زراعت کی ترقی کے بغیر معیشت مضبوط نہیں ہو سکتی،حکومت کاروباری آسانیوں ،خطے میں مسابقت بڑھانے کےلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے،معاشی بحران سے استحکام تک کا سفر مشکل ضرور تھا لیکن ٹیم ورک، کاروباری برادری کے تعاون سے ممکن بنا، بہتر پالیسیوں کی بدولت معاشی اشارئیے بہتر ہیں،سب کو ملکر ابھی مزید محنت کرنی ہے، پختہ یقین آپ کے تعاون ،معاشی ٹیم کی شبانہ روز محنت سے معاشی خودمختاری کا ہدف جلد حاصل کر لیں گے۔

ملاقات میں معیشت و صنعت کے مختلف شعبہ جات کے نمائندگان نے اپنے مسائل اور مختلف حکومتی اقدامات کےلئے سفارشات پیش کیں،وزیراعظم نے تمام نمائندگان کی سفارشات کے تناظر میں بہترین حکمت عملی ترتیب دینے کی ہدایات جاری کردیںتاکہ معیشت کو کاروباری حضرات کے تعاون سے دیر پا ترقی و مثبت سمت پر گامزن کیا جا سکے،کاروباری حضرات نے مختلف شعبہ جات میں حکومتی اقدامات کے پیش نظر میکرو اکنامک استحکام کی تعریف کرتے ہوئے کہامثبت سمت میں مزید موثر کام کرنے سے معاشی صورتحال سرمایہ کاری کےلئے مزید سازگار بنائی جا سکتی ہے۔