بیٹنگ چلی نہ باولنگ، پنڈی ٹیسٹ پروٹیز کے نام، سیریز1-1سے برابر
راولپنڈی :(بیورورپورٹ)بیٹنگ چلی نہ باولنگ، پنڈی ٹیسٹ پروٹیز کے نام، سیریزایک ایک سے برابر ہوگئی،دوسرے میچ میں پروٹیز نے 8 وکٹوں پر کامیابی سمیٹی ۔
پاکستانی ٹیم دوسری اننگز میں 138 رنز بنا کرچلتی بنی،پاکستان نے اپنی دوسری نامکمل اننگز 4 وکٹوں کے نقصان پر 94 رنز سے آگے بڑھائی مگر کھیل کے آغاز پر پہلے ہی اوور میں پاکستان کو بابر اعظم کی صورت میں بڑا نقصان اٹھانا پڑا،50 رنز بنا کر آوٹ ہو گئے، رضوان ایک بار پھر ذمہ داری نہ دکھا سکے اور محض 18 رن پر وکٹ دے بیٹھے،نعمان علی،شاہین آفریدی بغیر کھاتہ کھولے چلتے بنے،سلمان علی آغا نے 28 رنزبنائے،جنوبی افریقہ کی جانب سے سمن ہارمر نے 6 وکٹیں حاصل کیں ،68 رنز کا ہدف مہمان ٹیم نے 2 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔
دوسری جانب ہیڈ کوچ اظہر محمود نے ٹیسٹ کرکٹ کم ہونے کو شکست کی وجہ قراردےدیا،پریس کانفرنس کرتے ہوئے اظہر محمود نے کہا پاکستان نے کیچز ڈراپ کیے، سٹمپ چھوڑا، بہترین ٹیم کو موقع دیں گے تو جارحانہ جواب ہی ملے گا،20 وکٹیں لینا ضروری ہوتا ہے، ڈومیسٹک کرکٹ میں بھی سپنرز کےلئے سازگار پچز بنانا پڑیں گی،پاکستان کو بیٹنگ کولیپس کا سامنا کرنا پڑا ،جنوبی افریقہ نے پنڈی ٹیسٹ میں اچھی بیٹنگ کی۔
قومی ہیڈ کوچ نے کہا سکور کرنے کا طریقہ آنا چاہیے،پاکستان کو سپنرز کےخلاف اچھی بیٹنگ کرنا سیکھنا ہوگی، جنوبی افریقہ کے پاس باﺅلنگ میں کافی تجربہ ہے، راولپنڈی ٹیسٹ کی پچ نے ہر طرح کے باﺅلرز کو مدد دی،پاکستانی بیٹرز کو ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کا زیادہ تجربہ نہیں۔



















