پاکستان، سعودی عرب کا قیامِ امن و استحکام کےلئے مشترکہ عزم کا اعادہ


اسلام آباد: (بیورورپورٹ)پاکستان،سعودی عرب نے قیامِ امن و استحکام کےلئے مشترکہ عزم کا اعادہ کرلیا۔

دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار نے سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا،علاقائی صورتحال، غزہ و فلسطین کے معاملات پر تبادلہ خیال ،خطے میں قیامِ امن اور استحکام کےلئے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا گیا،دونوں وزرائے خارجہ نے باہمی دلچسپی کے امور پر قریبی رابطے میں رہنے پر بھی اتفاق کیا۔

دریں اثنا متحدہ عرب امارات کےلئے نامزد پاکستانی سفیر شفقات علی خان نے اسحاق ڈار سے الوداعی ملاقات کی،اسحاق ڈار نے وزا رت خارجہ ترجمان کی حیثیت سے شفقات علی خان کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہاامید ہے نامزد سفیر سفارتی مہارت سے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے،وزیر خارجہ نے سفیر کو ہدایت دی متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی برادری کی فلاح و بہبود کو ترجیحات میں شامل رکھیں۔