کسان زیادہ گندم کاشت کر کے ملک کو زرعی خود کفیل بنائیں: کمشنر ساہیوال

ساہیوال (بےورورپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا ہے کہ سموگ ایک سنگین ماحولیاتی مسئلہ ہے جس سے نمٹنے کیلئے حکومت ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے جن میں صنعتی آلودگی پر کنٹرول، ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد اور عوامی آگاہی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سموگ پر قابو پانے کیلئے تمام متعلقہ اداروں کو باہم مربوط ہو کر کام کرنا ہوگا۔ وہ اپنے دفتر میں ڈویژنل انوائرمنٹ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ احمد عثمان جاوید، ڈپٹی کمشنر پاکپتن آصف رضا، ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی اور دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں تمام اضلاع کی سطح پر جاری انسدادی اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ محکمہ صحت کی جانب سے بریفنگ میں بتایا گیا کہ ساہیوال، اوکاڑہ اور پاکپتن میں سموگ سے بچا¶ کیلئے کاروائیاں جاری ہیں۔ شہریوں میں سموگ کے صحت پر مضر اثرات کے حوالے سے آگاہی پھیلانے کیلئے واک، سیمینارز، مساجد میں اعلانات اور پمفلٹ کی تقسیم جیسے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے ہدایت کی کہ تمام محکمے ضلعی انتظامیہ اور محکمہ تحفظ ماحولیات کے ساتھ قریبی رابطہ رکھیں تاکہ موثر حکمت عملی کے تحت سموگ کے مسئلے پر قابو پایا جا سکے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مربوط کوششوں کے ذریعے اس ماحولیاتی چیلنج پر قابو پایا جا سکتا ہے اور شہریوں کو بہتر، صاف ستھرا ماحول فراہم کیا جا سکتا ہے۔ دوسری طرف کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا ہے کہ اس سال ربیع سیزن کیلئے نہری پانی کی کوئی کمی نہیں ہوگی اسلئے کسان زیادہ سے زیادہ گندم کاشت کر کے ملک کو زرعی خود کفیل بنائیں۔ محکمہ اریگیشن موسم گرما میں نہری پانی کی چوری روکنے اور ٹیل تک پانی کی دستیابی ہر صورت یقینی بنائے۔ وہ یہاں اپنے دفتر میں نہر لوئر باری دوآب بارے بریفنگ کی صدارت کر رہے تھے جس میں ڈائریکٹر ڈیویلپمنٹ اینڈ فنانس شفیق احمد ڈوگر اور اے سی جنرل غلام حسین بھٹی سمیت ایکسین ایریگیشن عمر ابرار اور محمد طلحہ نے شرکت کی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ محکمہ ایریگیشن کی آپریشنل ضروریات کو پورا کیا جائے گا تاکہ زمینداروں کو ضرورت کے مطابق نہری پانی دستیاب ہو۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ نہر لوئر باری دوآب 1912 میں آپریشنل ہوئی جس کی گنجائش 9841 کیوسک ہے۔ نہر سے 851 کیوسک کی گوگیرہ کنال کے علاوہ ضلع اوکاڑہ میں 52 نہریں اور ضلع ساہیوال میں 90 نہریں نکالی گئی ہیں جو بالترتیب 3 لاکھ 36 ہزار اور 6 لاکھ 22 ہزار سے زائد ایکڑ رقبہ سیراب کرتی ہے۔ 2014 کے بعد اس سال منگلا ڈیم میں اپنی پوری گنجائش کے مطابق پانی ذخیرہ ہوا ہے جس سے پچھلے سال کی نسبت ایل بی ڈی سی میں پانی کی دستیابی دوگنی ہوگی۔