ہڑتال کی کال مسترد، انتشار نہیں استحکام، پنجاب بھر میں زندگی کا پہیہ رواں دواں

لاہور: (کرائم رپورٹر) انتشار نہیں، استحکام، لاہور سمیت پنجاب بھر میں زندگی کا پہیہ رواں دواںرہا۔

ترجمان پنجاب پولیس نے کہا لاہور سمیت صوبے بھر میں تمام مارکیٹیں، کاروباری مراکز، تعلیمی ادارے معمول کے مطابق کھلے رہے، شہریوں و تاجر برادری نے بعض شرپسند عناصر کی طرف سے دی گئی ہڑتال کی کال کو یکسر مسترد کر دیا، تمام شہروں میں ٹریفک ،ٹرانسپورٹ معمول کے مطابق چلتی رہی ،موٹر وے، جی ٹی روڈ، رنگ روڈ سمیت تمام شاہراہیں و سڑکیں ٹریفک کےلئے کھلی رہیں، کسی بھی مقام پر ٹریفک یا معمولات زندگی میں کوئی تعطل نہیں تھا۔

آئی جی ڈاکٹر عثمان انور نے کہا پنجاب پولیس شہریوں کی جان و مال ،املاک کے تحفظ کےلئے مکمل طور پر الرٹ ہے، مارکیٹوں، کاروباری مراکز، شاہراہوں ،اہم مقامات پر پولیس نفری تعینات کی گئی تاکہ امن و امان کی صورتحال برقرار رکھی جا سکے،شرپسندوں ، بلوائیوں کی کسی بھی مہم جوئی کی صورت میں سخت ایکشن لیا جائے گا، شرپسند عناصر کےخلاف دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمات درج کیے جائیں گے۔

ترجمان پنجاب پولیس نے کہاسیف سٹیز کیمروں، چہرہ شناخت ایپ، وہیکل رجسٹریشن پلیٹوں ،آرٹی فیشل انٹیلی جنس کی مدد سے کسی بھی شرپسند سرگرمی میں ملوث عناصر کی نشاندہی اور گرفتاریاں عمل میں لائی جائیں گی۔