واشنگٹن:(بیورورپورٹ)وزیر خزانہ سینیٹر اورنگزیب نے کہا ہے عالمی مثبت جائزے پاکستانی معیشت میں پیشرفت کا ثبوت ہیں۔
امریکی ٹی وی چینل کو انٹرویو میں وزیر خزانہ نے کہا پاکستان نے ایک سال کے دوران معاشی استحکام میں نمایاں پیشرفت دکھائی،زرمبادلہ ذخائر، کرنسی، مہنگائی، شرح سود جیسے اشارئیے مثبت سمت جارہے ہیں، عالمی ریٹنگ ایجنسیوں کے معیشت پر مثبت جائزے پیشرفت کا ثبوت ہیں،حکومتی پالیسی کا مقصد محض معاشی استحکام نہیں بلکہ ساختی اصلاحات سے پائیدار ترقی کرنا ہے، ٹیکس اصلاحات، توانائی شعبے میں بہتری پالیسی کے اہم ستون ہیں۔
سینیٹر اورنگزیب نے کہاسرکاری اداروں کی تنظیم نو، مالی نظم و ضبط میں شفافیت بھی پالیسی کے اہم ستون ہیں، معیشت کو برآمدات پر مبنی ترقی کی طرف موڑنے کا فیصلہ کرلیا،حکومت نے صنعتوں کو مسابقتی بنانے کےلئے محصولات کے ڈھانچے میں بڑی تبدیلیاں کیں، خام مال و درمیانی مصنوعات کی قیمتوں میں کمی لا کر برآمدات کو فروغ دیا جائے گا۔
وزیر خزانہ نے کہاہر ملک اپنی معاشی ضرورتوں کے مطابق پالیسیاں بناتا ، پاکستان کےلئے اصل ہدف تحفظ پسندی کی بجائے مسابقت بڑھانا ہے،صنعتوں کو ہمیشہ کےلئے تحفظ نہیں دے سکتے، صنعتوں کو عالمی معیار پر لانا ہوگا تاکہ ترقی کریں اور برآمدات بڑھائیں،ڈھانچہ جاتی اصلاحات پاکستان کےلئے ایسٹ ایشیا موومنٹ کی ممکنہ بنیاد ہے۔
عالمی مثبت جائزے معیشت میں پیشرفت کا ثبوت ہیں، وزیر خزانہ



















