غزہ،تل ابیب:(مشرق نیوز)اسرائیلی دہشتگردی کے 2سال مکمل ،غزہ تباہ و برباد،ہزاروں فلسطینی شہید،مزید 38شہری بربریت کانشانہ بن گئے۔
جنگ 7 اکتوبر 2023 کو تب شروع ہوئی جب حماس کی قیادت میں فلسطینی مزاحمت کاروں نے طوفان الاقصیٰ کے نام سے اسرائیلی سرحدوں پر بڑا حملہ کیا،فلسطینی مجاہدین نے رکاوٹیں عبور کرتے ہوئے سرحدی بستیوں میں داخل ہو کر 251 اسرائیلیوں کو یرغمال بنایا ،جواب میںاسرائیل نے بڑے پیمانے پر عسکری کارروائیاں شروع کیں۔
صیہونی حکومت نے نہ صرف 3 لاکھ 60 ہزار ریزرو فوجی تعینات کیے بلکہ پوری غزہ پٹی کو تباہ کن محاصرے کا شکار بنا دیا،2برسوں میں ہونے والی وحشیانہ بمباری کے نتیجے میں اب تک 67 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ،بڑی تعداد خواتین اور بچوں کی ہے، ایک لاکھ 70 ہزار کے قریب زخمی ہیں،اسرائیلی محاصرے نے غزہ میں 20 لاکھ شہریوں کو قحط و فاقہ کشی کا شکار کر دیا ،دہشتگردی نے ہسپتال، مساجد، ،سکول، تعلیمی ادارے، سڑکیں اور انفراسٹرکچر مکمل طور پر تباہ وبرباد کردیا۔
اعداد و شمار نشاندہی کرتے ہیں ہر 33 میں سے ایک شخص شہید ہو چکا،کم از کم 20 ہزار بچے بھی شامل ہیں یعنی 24 مہینوں کے دوران اسرائیل نے اوسطاً ہر گھنٹے میں ایک بچے کو شہید کیا،دریں اثنا اسرائیلی بمباری میں مزید 38 فلسطینی شہید ،درجنوں زخمی ہو گئے، خوراک کے حصول کیلئے کھڑے فلسطینیوں کو فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا، اسرائیل نے غزہ سٹی کا مرکزی راستہ بھی بند کر دیا، فلسطینی جنوب کی طرف نقل مکانی پر مجبور ہوگئے۔
دوسری جانب حماس کے قریبی ذرائع نے غزہ جنگ بندی کیلئے مذاکرات کو مثبت قراردےدیا،خبر رساں ادارے اے ایف پی (AFP) کے مطابق حماس کے مذاکراتی وفد کے قریبی 2ذرائع نے بتایا پہلا مرحلہ 4گھنٹے پر محیط،ماحول “کافی مثبت” رہا۔
ادھر اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے کہا حماس امریکی منصوبے کو قبول کر لے تو غزہ جنگ کے خاتمے کی شروعات ہوسکتی ہے،صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے منصوبے کو قبول کرلیا اب فیصلہ حماس کے ہاتھ میں ہے،منصوبہ نہ مانا تواسرائیل کو امریکہ کی مکمل حمایت کےساتھ حماس کےخلاف کارروائی کرنا ہوگی،منصوبے کے پہلے مرحلے میں تمام یرغمالیوں کی رہائی و جزوی انخلا ،دوسرے حصے میں غزہ کو غیر فوجی علاقہ بنانا اور حماس کو غیر مسلح کرنا شامل ہے۔
نیتن یاہو نے دعویٰ کیا حماس نے منصوبے پر نرمی اس لیے دکھائی کیونکہ اسرائیلی فوج نے حالیہ ہفتوں غزہ کے مرکزی علاقوں میں بڑی پیشرفت کی،کارروائی نے حماس کو احساس دلایا انجام قریب ہے، صدر ٹرمپ کے منصوبے نے صورتحال کو بہتر سمت دی،سب جانتے ہیں حماس دوبارہ غزہ پر حکومت نہیں کر سکتی،نئی سول انتظامیہ کی ضرورت ہے جو اسرائیل سے دشمنی نہ رکھے بلکہ امن کے ساتھ رہنا چاہے،صدر ٹرمپ نے مجوزہ سول اتھارٹی کی سربراہی کا عندیہ بھی دیا ،اسرائیل، غزہ اور پورے خطے کےلئے نیا و پائیدار مستقبل ممکن ہو سکتا ہے۔
اسرائیلی دہشتگردی کے 2سال مکمل ،غزہ تباہ و برباد،ہزاروں فلسطینی شہید



















